لاہور (نمائندہ جنگ) امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ حکومت نے احتیاطی تدابیر اور ایس او پیز پر عمل کرنے کے باوجود مدارس کھولنے کی اجازت نہ دی تو جماعت اسلامی اور اس کی تنظیما ت حکومت کے خلاف ایک بڑی احتجاجی تحریک چلانے کا فیصلہ کریں گی۔ عوام اسپتالوں کے دروازوں پر دم توڑ رہے ہیں اور وفاق اور سندھ اسپتالوں کی ملکیت پر جھگڑ رہے ہیں۔ حکومتی دعوے ہوا میں تحلیل ہوگئے ہیں ،لگتا ہے ٹائیگر فورس بھی ٹڈی دل کا شکار ہوگئی ہے۔حکومت آٹا اور شوگر مافیا کے خلاف کارروائی سے کیوں گریزاں ہے؟ حکمرانوں کے خلاف آٹا چور اور چینی چور کے نعرے لگ رہے ہیں۔بلوچستان کے عوام کی محرومیوں کا ازالہ کیا جائے، لالی پاپ مذاکرات کا کوئی فائدہ نہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے مدرسہ جامعہ العلوم کی انتظامیہ اور جنوبی پنجاب کے ذمہ داران کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر جنوبی پنجاب کے امیر راؤ محمد ظفر ،صدر علماءو مشائخ جنوبی پنجاب حافظ محمد اسلم اور مہتمم جامعہ العلوم مولانا عبدالرزاق بھی موجود تھے۔