اسلام آ باد (نمائندہ جنگ) وزیر اعظم عمران خان نے عظیم باکسر محمد علی کے بارے میں کہا ہے کہ میری نگاہ میں وہ عظیم ترین کھلاڑی تھے،محض اس لئے نہیں کہ وہ قابل، ذہین اور نڈر تھے بلکہ اس لئے کہ اس کے اعتقادات مادی حصار سے آزاد ہوگئے اور وہ ایمان کی حد تک اس حقیقت کو پاگیا کہ جانوروں کے برعکس انسانوں کا وجود ایک مقصدِ عظیم سے جڑا ہوا ہے۔سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ مصائب و آلام کے دور میں اپنے عقائد کی آبیاری کیلئے اس نے بطور کھلاڑی اپنی پیشہ وارانہ زندگی کے بہترین ایام اور پرکشش آمدن کو قربان کیا۔ اسکی قوت اور حوصلہ آج بھی دنیا بھر میں لوگوں کیلئے مشعلِ راہ ہیں۔وزیر اعظم نے اپنی ٹویٹ میں باکسر محمد علی کا ایک وڈیو کلپ بھی ساتھ لگایا ہے۔