کراچی (اسٹاف رپورٹر )سپرہائی وے کوئٹہ ٹاؤن میں فائرنگ سے نجی کمپنی کا سیکیورٹی گارڈ جاں بحق ہوگیا ۔ تفصیلات کے مطابق سچل تھانے کی حدود سپرہائی وے کوئٹہ ٹاؤن میں اتوار اور پیر کی درمیانی شب عدنان اسٹیٹ ایجنسی آفس کے قریب پراسرار فائرنگ سے نجی سیکیورٹی کمپنی کا گارڈ جاں بحق ہوگیا ، مقتول کی لاش کو عباسی شہید اسپتال منتقل کیا گیا جہاںمقتول کی شناخت 37 سالہ عاقل حسین ولد مختار حسین کے نام سے کی گئی ، مقتول اندرون سندھ کا رہائشی اور مذکورہ اسٹیٹ ایجنسی پر سیکیورٹی گارڈ تھا ، پولیس ذرائع کے مطابق مقتول کے پیٹ میں تیس بور پستول کی ایک گولی لگی تھی جو جان لیوا ثابت ہوئی ،پولیس نے بتایا کہ اسٹیٹ ایجنسی کے لوگ لاش کے ساتھ عباسی شہید اسپتال آئے تھے جنہوں نے پولیس کے ساتھ بات چیت کر کے قانونی کارروائی کرانے سے انکار کر دیا جس کے بعد اس کی لاش مقول کے چچا ریاض احمد کے ہمراہ آبائی علاقے اندرون سندھ خیر پور میرس روانہ کر دی گئی ، مقتول غیر شادی شدہ تھا اور تقریباً تین ماہ قبل روزگار کے سلسلے میں کراچی آیا تھا ۔