• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

آئی بی اے سکھر یونیورسٹی کے وائس چانسلر نثار صدیقی انتقال کر گئے

سکھر / کراچی (بیورو رپورٹ / اسٹاف رپورٹر) ستارہ امتیاز کے حامل اور سکھر کو آئی بی اے یونیورسٹی جیسا تحفہ دینے والے ماہر تعلیم و اسکالر وائس چانسلر پروفیسر نثار احمد صدیقی انتقال کرگئے ، ان کی عمر 76برس تھی اور انہوں نے سوگواروں میں تین بیٹے اور چار بیٹیاں چھوڑی ہیں۔ تعلیمی میدان میں گراں قدر خدمات پیش کرنے پر مرحوم کے سوگ میں ضلعی انتظامیہ نے آج (منگل کو ) عام تعطیل کا اعلان کیا ہے۔ پروفیسر نثار احمد صدیقی عارضہ قلب میں مبتلا اور کراچی کے نجی اسپتال میں زیر علاج تھے۔ وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ ، وزیر تعلیم سعید غنی ، خورشید شاہ، وزیر اطلاعات سید ناصر حسین شاہ، وزیر ٹرانسپورٹ سید اویس قادر شاہ، جامعہ کراچی کے وائس چانسلر ڈاکٹر خالد عراقی، این ای ڈی یونیورسٹی کے وائس چانسلر ڈاکٹر سروش لودھی،دائود یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی کے وائس چانسلر ڈاکٹر فیض اللہ عباسی، اقراء یونیورسٹی کے وائس چانسلر ڈاکٹر وسیم غازی، لیاری یونیورسٹی کے وائس چانسلر ڈاکٹر اختر بلوچ، آئی بی اے کراچی کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر، چیئرمین ہائر ایجوکیشن کمیشن ڈاکٹر طارق بنوری، اُردو یونیورسٹی کے وائس چانسلر ڈاکٹر عارف زبیر، مہران یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی جامشورو کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد اسلم عقیلی، سندھ یونیورسٹی کے وائس چانسلر ڈاکٹر فتح برفت، جناح سندھ میڈیکل یونیورسٹی کے وائس چانسلر ڈاکٹر طارق رفیع، ڈاؤ یونیورسٹی کے وائس چانسلر ڈاکٹر سعید قریشی رکن صوبائی اسمبلی سید فرخ شاہ، سینیٹر اسلام الدین شیخ، رکن قومی اسمبلی نعمان اسلام شیخ، میئر سکھر ارسلان اسلام شیخ اور دیگر نے نثار احمد صدیقی کے انتقال پر گہرے دکھ و افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایک عہد ساز شخصیت اور عظیم ماہر تعلیم تھے جنہوں نے ایک بہترین ادارہ آئی بی اے سکھر کے قیام اور یونیورسٹی میں تبدیل کرنے کے لئے سخت محنت کی، صوبہ سندھ کیلئے ان کی تعلیمی گراں قدر خدمات اور قربانیاں شامل ہیں، نثار صدیقی کی تعلیمی خدمات ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔ مرحوم پروفیسر نثار احمد صدیقی سکھر آئی بی اے یونیورسٹی کے بانی تھے، انہوں نے 1994ء میں پبلک اسکول سکھر میں 2کلاس رومز میں انسٹیٹیوٹ آف بزنس ایڈمنسٹریشن (آئی بی اے) سکھر کی بنیاد رکھی، پروفیسر نثار صدیقی کو اگست 2014ء میں ستارہ امتیاز سے بھی نوازا گیا۔ وہ سول سروس میں اسسٹنٹ کمشنر سے سندھ کے مختلف شہروں میں کمشنر، ڈپٹی کمشنر اور داخلہ سمیت مختلف محکموں میں سیکریٹری بھی رہے۔دریں اثنا سابق کمشنر کراچی شفیق الرحمٰن پراچہ نے کہا ہے کہ وائس چانسلر آئی بی اے سکھر نثار احمد صدیقی کا انتقال سندھ کے شعبہ تعلیم کیلئے ایک بڑا سانحہ ہے۔انہوں نے آئی بی اے سکھر کو ایک مثالی ادارہ بنایا ان کا مشن تعلیم کا فروغ تھا ۔شفیق پراچہ نے کہا کہ نثار صدیقی کی علمی خدمات کو تا دیر فراموش نہیں کیا جاسکے گا۔
تازہ ترین