• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پورا شہر لوڈشیڈنگ سے بلک رہا ہے، میئر کراچی


ملک کے سب سے بڑے شہر کراچی کے میئر وسیم اختر کہتے ہیں کہ آج پورا شہر کے الیکٹرک کی لوڈشیڈنگ سے بلک رہا ہے۔

میئر کراچی وسیم اختر عباسی شہید اسپتال پہنچے جہاں انہوں نے کورونا ٹیسٹنگ سینٹر کا افتتاح کر دیا۔

اس موقع پر میئر کراچی وسیم اختر نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وفاقی اداروں کی نا اہلی ہے کہ لوڈ شیڈنگ کے مسئلے پر پیشگی اقدامات نہیں کیے۔

انہوں نے کہا کہ وزیرِ اعظم عمران خان سے درخواست ہے کہ کراچی کی لوڈ شیڈنگ کا مسئلہ حل کروائیں۔

میئر کراچی نے درخواست کی ہے کہ حکومتِ سندھ اسپتالوں کی حالت بہتر کرے، کورونا وائرس کی وباء کی صورتِ حال میں مخیر حضرات دل کھول کر مدد کریں۔

ان کا کہنا ہے کہ ڈاکٹرز اور طبی عملے کو ان کی خدمات پر سلام ہے، این ڈی ایم اے سے درخواست ہے کہ آئی سی یو کی صورتِ حال مزید بہتر کریں۔

وسیم اختر نے کہا کہ این ڈی ایم اے نے مدد کی جس پر اس کے شکر گزار ہیں، ہمارے پاس مشینیں ہیں لیکن تسلسل کے لیے ہماری مزید مدد کریں۔

انہوں نے کہا کہ وفاقی اور صوبائی حکومت سے درخواست ہے کہ عباسی شہید بڑا اسپتال ہے اس کی مدد کریں، اسپتال میں 30 بیڈز پر مشتمل آئیسولیشن وارڈ بھی ہے۔

یہ بھی پڑھیئے: اتنے وسائل نہیں کہ تمام نالےصاف کریں، وسیم اختر

مئیر کراچی کا کہنا ہے کہ پوری دنیا میں میونسپل کارپوریشن کے تحت اسپتالوں نے اپنی لیب کو اپ گریڈ کیا ہے، عباسی شہید اسپتال مکمل طور پر کورونا کے علاج کے لیے تیار ہے۔

انہوں نے کہا کہ کے ایم سی نے کراچی والوں کے لیے بہت بڑا کام کر دیا ہے، کراچی کا ہر شہری جسے کورونا کے حوالے سے علامات محسوس ہو رہی ہیں وہ عباسی شہید اسپتال آ سکتا ہے۔

وسیم اختر نے مزید کہا کہ اگر کورونا وائرس کا ٹیسٹ مثبت آئے تو یہاں آئیسولیشن وارڈ بھی موجود ہے، انتہائی نگہداشت کا بھی بندوبست کر لیا گیا ہے۔

میئر کراچی کا یہ بھی کہنا ہے کہ بہت عرصے سے لیب کام نہیں کر رہی تھی، مگر اب وہ فعال ہے، بہت دفعہ سندھ حکومت کو کہہ چکے ہیں کہ عباسی شہید اسپتال کو بہتر کریں۔

تازہ ترین