لاہور (مانیٹرنگ ڈیسک)معروف اداکارہ و میزبان عفّت عمر نے پاکستان شوبز انڈسٹری میں پائی جانے والی اقربا پروری کے خلاف اپنی آواز بلند کردی۔رواں ماہ خودکشی کرنے والے بھارتی اداکار سشانت سنگھ کی موت کے بعد سے بھارت میں بولی وڈ اقربا پروری کے خلاف آواز اُٹھائی جارہی ہے اور ناصرف بھارتی فنکار اس کے خلاف بول رہے ہیں بلکہ پاکستانی فنکار بھی بولی وڈ کی کچھ نامور شخصیات کو سشانت کی خودکشی کی وجہ قرار دیتے نظر آرہے ہیں۔ایسے میں پاکستان کی معروف اداکارہ و میزبان عفت عمر کی جانب سے ایک پیغام سامنے آیا ہے جس میں اُنہوں نے پاکستان شوبز انڈسٹری میں پائی جانے والی اقربا پروری کے بارے میں بات کی ہے۔ ٹوئٹر پر ٹوئٹ کرتے ہوئے عفت عمر نے لکھا کہ ’پاکستانی انڈسٹری کے فنکار بھارتی فلم ساز کرن جوہر کے ٹی وی شو ’کافی وِد کرن‘ کی خبریں تو سوشل میڈیا پر شیئر کر رہے ہیں اور ان کے خلاف بول بھی رہے ہیں لیکن آپ کی اپنی انڈسٹری میں ہونے والی اقربا پروری کے بارے میں آپ کا کیا خیال ہے؟عفت عمر نے سوالیہ انداز میں لکھا کہ ’آپ میں سے کسی نے بھی کبھی یہ سوچا ہے کہ ہماری انڈسٹری میں کتنے اداکار ہیں؟یاد رہے کہ کرن جوہر نے اپنے ایک شو میں جب عالیہ بھٹ سے سشانت سنگھ کے حوالے سے سوال کیا تھا تو اداکارہ نے لاتعلقی کا اظہار کرتے ہوئے کہا تھا کہ کون سشانت سنگھ، جس پر کرن جوہر اور عالیہ بھٹ نے سشانت سنگھ پر گفتگو کرتے ہوئے قہقہہ لگانا شروع کردیے تھے یہی وجہ ہے کہ بھارتی عوام میں اداکار کی خودکشی کے حوالے سے غم و غصہ پایا جارہا ہے۔