• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

آئی بی اے سکھر کے قائم مقام وی سی کیلئے تین نام ارسال

کراچی( سید محمد عسکری) آئی بی اے سکھر یونیورسٹی میں قائم مقام وائس چانسلر کے تقرر کے لئے تین نام وزیر اعلیٰ سندھ کو بھیج دئیے گئے ہیں تاہم نام بھیجنے سے قبل مشیر جامعات و تعلیمی بورڈز نثار کھوڑو سمیت اعلی حکام سے مشاورت نہیں کی گئی ہے اس سے قبل تعلیمی بورڈز کے چیرمین کے ناموں کی بھی منظوری نہیں لی گئی تھی جس کی وجہ سے آج تک ان کی سمری وزیر اعلی سندھ تک نہیں پہنچ پائی ہے۔ محکمہ بورڈز و جامعات کے سیکرٹری ریاض صلاح الدین کی جانب سے آئی بی اے سکھر یونیورسٹی میں قائم مقام وائس چانسلر کے تقرر کے لئے تین نام جو بھیجے گئے ہیں ان میں شکار پور یونیورسٹی کے وائس چانسلر رضا بھٹی، سکھر ویمن یونیورسٹی کی قائم مقام وائس چانسلر ثمرین حسین اور ٹیکنیکل یونیورسٹی خیر پور کے وائس چانسلر مدد علی شاہ کے نام شامل ہیں ۔ آئی بی اے سکھر یونیورسٹی میں قائم مقام وائس چانسلر کے تقرر کے سلسلے میں ان تینوں میں سے کسی ایک کو اس عہدے کااضافی چارج ملے گا تاہم مستقل وائس چانسلر کا تقرر آئی بی اے سکھر یونیورسٹی کی سینٹ کی سفارش پر ہوگا کیونکہ آئ بی اے سکھر یونیورسٹی سندھ کی واحد یونیورسٹی ہے جس میں تلاش کمیٹی کا عمل دخل نہیں ہے اور ایکٹ کے مطابق مستقل وائس چانسلر کے تقرر کی سفارش یونیورسٹی کی سینیٹ کرے گی۔ ادھر جنگ کو معلوم ہوا ہے کہ تلاش کمیٹی سندھ مدرسہ کی یونیورسٹی کے وائس چانسلر کے تقرر کے سلسلے میں دو مدت مکمل کرنے والے وائس چانسلر کی تیسری مدت کے حوالے سے محکمہ قانون کی رائے کو مسترد کردیا ہے۔ تلاش کمیٹی کے رکن ڈاکٹر قدیر راجپوت کے انتہائی قریبی زرائع کے مطابق محکمہ قانون کے چار ماہ پرانے لکھے گئے خط کو مکمل طور پر مسترد کردیا گیا ہے اور اسی بنیاد پر سندھ مدرسہ یونیورسٹی کے وائس چانسلر ڈاکٹر محمد علی شیخ کو تیسری مدت کے لئے نہ صرف حتمی امیدواروں میں شامل کرلیا گیا ہے بلکہ انھیں پہلے ہی دو مدت مکمل ہونے کے باوجود قائم مقام وائس چانسلر مقرر کیا جا چکا ہے اسی طرح دو مدت مکمل کرنے والے جناح میڈیکل یونیورسٹی کے وائس چانسلر ڈاکٹر طارق رفیع کو بھی قائم مقام وائس چانسلر مقرر کیا جاچکا ہے۔ تلاش کمیٹی میرٹ پر وائس چانسلر کے عہدے کے لئے نام وزیر اعلیٰ سندھ کو بھیجے گی اب یہ وزیر اعلیٰ کی مرضی ہوگی کہ وہ کسی بھی امیدوار کے نام کا انتخاب کریں۔

تازہ ترین