گوجرانوالا......گوجرانوالا میں فیکٹری میں گیس سلنڈر پھٹنے سے فیکٹری کی چھت گرگئی،ملبے تلے دب کر ایک شخص جاں بحق ہوا جبکہ ملبے سے 31 زخمیوں کو نکال لیا گیا ہے۔
بلال گنج مارکیٹ میں سرامکس بنانے والی فیکٹری میں گیس کاسلنڈر دھماکے سے پھٹ گیا۔ دھماکے سے فیکٹری کی چھت گر گئی اور آگ لگ گئی،ملبے تلے متعدد افراد دب گئے،دو گاڑیوں کو بھی نقصان پہنچا۔
اطلاع ملتے ہی ریسکیو نے موقع پر پہنچ کر تین خواتین سمیت 31 افراد کو ملبے سے نکالا اور ڈسٹرکٹ اسپتال منتقل کیا،جہاں ایک شخص زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بساجبکہ 8 شدید زخمیوں کو میؤ اسپتال لاہور منتقل کردیا گیا۔
ایس پی سٹی طاہر مقصود کا کہنا ہے کہ ابتدائی تحقیقات کے مطابق گیس سپلائی لے کر آنے والے ٹرک میں موجود سلنڈر سے گیس لیک ہوئی، جس کے باعث پہلے آگ لگی اور پھر دھماکا ہوگیا،دھماکے کے بعد زیادہ تر مزدور باہر نکل گئے اور چھت پر موجود افراد نے گلی میں چھلانگ لگادی۔
پولیس نے فیکٹری منیجر جاوید کو حراست میں لے لیا ہےجبکہ فیکٹری مالک عارف فرار ہوگیا ہے۔