• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستان کا 29 جون کو کرتار پور راہداری کھولنے کا اعلان

پاکستان کا 29 جون کو کرتار پور راہداری کھولنے کا اعلان


پاکستان نے 29 جون سے کرتار پور راہداری کھولنے کا اعلان کر دیا۔

ترجمان دفترِ خارجہ عائشہ فاروقی کے مطابق پاکستان نے بھارت کو کرتار پور راہداری 29 جون سے کھولنے پر آمادگی سے آگاہ کر دیا۔

عائشہ فاروقی کا کہنا ہے کہ کرتارپور راہداری کا افتتاح وزیرِ اعظم عمران خان نے گزشتہ برس 9 نومبر کو کیا تھا۔

انہوں نے مزید کہا کہ بابا گرو نانک کی 550 ویں سالگرہ تقریبات کے موقع پر پاکستان کی جانب سے کرتار پور راہداری کھول کر سکھ یاتریوں اور عالمی برادری کی دیرینہ خواہش پوری کی گئی۔


ترجمان دفترِ خارجہ کا یہ بھی کہنا ہے کہ کرتار پور راہداری صحیح معنوں میں امن اور مذہبی ہم آہنگی کی علامت ہے۔

وزیرِ خارجہ شاہ محمود قریشی کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ دنیا بھر میں عبادت گاہیں کھل رہی ہیں، پاکستان بھی کرتار پور راہدری کھولنے کی تیاری کر رہا ہے۔

یہ بھی پڑھیئے: ہم نے نفرتوں کو مٹانے کی کوشش کی، شاہ محمود قریشی

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری کیے گئے ایک بیان میں وزیرِ خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ ہم بھارت کو 29 جون کو کرتار پور راہداری کھولنے سے متعلق اپنی آمادگی سے آگاہ کر رہے ہیں۔

وزیرِ خارجہ شاہ محمود قریشی کا یہ بھی کہنا ہے کہ مہاراجہ رنجیت سنگھ کی برسی پر کرتار پور راہداری کھولنے کی تیاری ہے۔

یہ بھی پڑھیئے: علمائے کرام کا دورہ کرتار پور

واضح رہے کہ کورونا وائرس کی وباء کو پھیلنے سے روکنے کے لیے کرتار پور راہداری پر سکھ زائرین کی آمد و رفت روک دی گئی تھی۔

تازہ ترین