آپ آف لائن ہیں
پیر14؍ ربیع الثانی1442ھ 30؍ نومبر2020ء
  • بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیئرمین و ایگزیکٹوایڈیٹر: میر جاوید رحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
Jang Group

کورونا نے دنیا بدل دی، اپوزیشن کی سوچ نہیں بدلی، میاں اسلم اقبال

پنجاب کے وزیرِ صنعت و تجارت میاں اسلم اقبال کہتے ہیں کہ کورونا وائرس کی وباء نے دنیا بدل دی مگر ہماری اپوزیشن کی سوچ نہیں بدلی۔

لاہور میں وزیرِ صنعت و تجارت پنجاب میاں اسلم اقبال نے اپنے حلقے کا دورہ کیا اور لوگوں سے ترقیاتی امور پر بات چیت کی۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر نے کہا کہ اپوزیشن آج بھی تنقید برائے تنقید کا طرزِعمل چھوڑنے کے لیے تیار نہیں۔

انہوں نے کہا کہ اپوزیشن کورونا وائرس کی وباء پر سیاست کر کے صورتِ حال کو گمبھیر اور معیشت کی بربادی چاہتی ہے، عوام ان کی لوٹ مار اور منافقت کی سیاست سے بخوبی آگاہ ہیں۔

میاں اسلم اقبال نے کہا کہ کرپٹ ٹولے کی لوٹ مار کا خمیازہ عوام آج بھی بھگت رہے ہیں، نون لیگ نے تعلیم اور صحت کو نظر انداز کیا، کنکریٹ کے پہاڑ کھڑے کر کے مال بنایا۔

انہوں نے کہا کہ کرپٹ ٹولے کی دولت بڑھتی رہی اور غریب بنیادی سہولتوں کو بھی ترستے رہے، ترقی کے نام پر عوام کے حقوق پر ڈاکہ ڈالنے والوں سے 2018ء کے انتخابات میں عوام نے اقتدار چھین لیا۔

وزیرِ صنعت و تجارت پنجاب نے کہا کہ پاکستان تحریکِ انصاف کی حکومت مشکل گھڑی میں عوام کے ساتھ کھڑی ہے، عوام سے کیا گیا ہر وعدہ پورا کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ عوام کاخون چوسنے والی ہر مافیا کو شکست دیں گے، کرپشن کے وائرس نے معیشت اور ملک کی بنیادوں کو ہلا کر رکھ دیا ہے۔

یہ بھی پڑھیئے: میاں افتخار کا اسلم اقبال کے بیان پر جواب

میاں اسلم اقبال کا کہنا ہے کہ سابق کرپٹ حکمرانوں نے قومی وسائل کو ذاتی مال سمجھ کر برباد کیا، وزیرِ اعظم عمران خان کرپشن کے خلاف جنگ جیتنے کے لیے پرعزم ہیں۔

انہوں نے کہا کہ وزیرِ اعظم عمران خان کی قیادت میں کرپشن کے ہر بت کو گرا دیں گے، نون لیگ عمران خان کی دیانت داری پر تنقید کرنے کی بجائے اپنی کرپٹ قیادت سے جان چھڑا لے۔

پنجاب کے وزیرِ صنعت و تجارت میاں اسلم اقبال نے مزید کہا ہے کہ وزیرِ اعظم عمران خان کی قیادت میں ترقی کا سفر کامیابی سے طے کریں گے۔

صوبائی وزیر نے اس موقع پر عوام سے اپیل کی کہ کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے شہری کسی صورت احتیاط کا دامن ہاتھ سے نہ چھوڑیں۔

قومی خبریں سے مزید