• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کورونا کی وباء کے دوران منگولیا میں انتخابات کا انعقاد

کورونا کی وباء کے دوران منگولیا میں انتخابات کا انعقاد


دو بڑی طاقتوں چین اور روس کے درمیان واقع چنگیز خان سے تاریخی نسبت رکھنے والے ملک منگولیا میں پارلیمانی انتخابات کے لیے عوام نے کورونا وائرس کی وباء سے بے خوف و خطر ہو کر گھروں سے نکل کر اپنا حقِ رائے دہی استعمال کیا۔

منگولیا میں ابھی تک عالمی وباء کوویڈ نائنٹین یا کورونا سے کوئی موت واقع نہیں ہوئی ہے تاہم کورونا وائرس کی عالمی وبا کے دوران منگولیا میں انتخابات منعقد ہوئے ہیں۔

ملک میں لوگوں کو محفوظ رکھنے کے لیے متعدد اقدامات اٹھائے گئے، ووٹ ڈالنے سے قبل ووٹرز کا درجۂ حرارت چیک کیا گیا، ووٹنگ اسٹیشنز کو ڈس انفیکٹ کیا گیا اور ووٹرز کو دستانے بھی فراہم کیے گئے۔

اس سےقبل منگولیا کی دو اہم پارٹیوں کی جانب سے الیکشن مہم کے دوران بڑے اجتماعات پر لگائی گئی پابندی کی خلاف ورزی کی گئی تھی۔

منگولیا میں پارلیمانی انتخابات کے لیے مہم چلانے والے 6 امیدواروں کو حراست میں بھی لیا گیا، حراست میں لیے گئے سیاسی امیدواروں میں سے 4 امیدوار ملک کی اپوزیشن ڈیموکریٹک پارٹی سے تعلق رکھتے تھے جبکہ دیگر 2 آزاد امیدوار تھے۔

گرفتار ہونے والوں میں سابق وزیرِخزانہ سنگاجیو بایاسوگٹ اورمنگولیا کے بزنس کونسل کے صدر بایاں جارگل بایمبا سکھان شامل ہیں جن پر کرپشن کا الزام ہے۔

یہ بھی پڑھیئے:۔

کورونا کا خطرہ مسترد، امریکی ریاست وسکونسن میں پرائمری انتخابات

کورونا وائرس کے باوجود فرانس میں بلدیاتی انتخابات کا انعقاد

گلگت بلتستان میں عام انتخابات 18 اگست کو ہوں گے

واضح رہے کہ منگولیا میں کورونا وائرس کی وباء سے نمٹنے کے لیے انتہائی سخت اقدامات اٹھائے گئے تھے جس کی وجہ سے یہاں اب تک صرف 219 کورونا کے کیسز سامنے آ سکے ہیں جبکہ اس وباء سے کوئی ہلاکت واقع نہیں ہوئی ہے۔

دوسری جانب دنیا بھر میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 1کروڑ 86 ہزار 690 تک جا پہنچی ہے جبکہ اس سے ہلاکتیں 5 لاکھ 1 ہزار 392 ہو گئیں۔

کورونا وائرس کے دنیا بھر میں 41 لاکھ 21 ہزار 57 مریض اسپتالوں، قرنطینہ مراکز میں زیرِ علاج اور گھروں میں آئسولیشن میں ہیں، جن میں سے 57 ہزار 824 کی حالت تشویش ناک ہے جبکہ 54 لاکھ 64 ہزار 241 مریض صحت یاب ہو چکے ہیں۔

تازہ ترین