• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

8 طالبات کو ہراساں کرنے کا الزام، لاہور گرامر اسکول کا استاد برطرف

لاہور(ٹی وی رپورٹ)پنجاب کے شہر لاہور کے لاہور گرامر سکول نے ایک استاد کو کم از کم آٹھ سے زائد طالبات کو مبینہ طور پر فحش تصاویر اور پیغامات بھیجنے کے الزام میں عہدے سے برطرف کر دیا ہے۔

یہ الزامات ان طالبات کی جانب سے سماجی رابطوں کی مختلف ویب سائٹس کے ذریعے لگائے گئے تھے جبکہ مزید دس طالبات نے بھی اپنے ساتھ ہونے والے ہراسانی کے واقعات کی نشاندہی کی ہے۔طالبات کے مطابق اعتزاز شیخ اسکول میں مناظرہ اور سیاسیات کی تعلیم دینے کے ساتھ ساتھ تقریری مقابلے ’ماڈل یونائیٹڈ نیشن‘ کی کوچنگ بھی کراتے تھے۔

ایل جی ایس سکول کی انتظامیہ نے تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ ان تمام تر الزامات کے نتیجے میں اعتزاز شیخ اور ان کے ساتھ مزید دو اور لوگوں کو ان کے عہدوں سے برطرف کیا گیا ہے۔

سکول انتظامیہ نے اس معاملے پر مزید بات کرنے سے انکار کیا ہے۔جبکہ اے لیول کی انتظامیہ سے منسلک مائرہ رانا نے بی بی سی کی طرف سے کیے جانے والے سوالوں اور فون کا جواب نہیں دیا۔اسی طرح اعتزاز شیخ نے بھی برطانوی ریڈیو کی طرف سے کیے جانے والے سوالوں اور فون کا جواب نہیں دیا۔

اب تک ایل جی ایس کی کئی طالبات نے ایسے واقعات کی نشاندہی کی ہے جن میں اعتزاز شیخ کی جانب سے انھیں پیغامات بھیجے گئے۔

تازہ ترین