کوئٹہ(پ ر)بلوچستان فوڈ اتھارٹی کی مختلف اضلاع میں غیرمعیاری و مضر صحت اشیاء کے تدارک کیلئے جاری کارروائیوں کے دوران تربت ضلع کیچ میں حفظان صحت کے اصولوں کی خلاف ورزی اورصفائی کی ابتر صورتحال پر چار ہوٹلوں،زائد المیعاد مشروبات و ممنوعہ گٹکا پان پراگ برآمد ہونے پر ایک جنرل اسٹور،غیرمعیاری اجزاء سے تیار کردہ اشیاء کی فروخت و صفائی نہ ہونےپر ایک بیکری اور دکان میں گندگی، کھلے گوشت کی موجودگی اور گوشت ڈھکا ہوا نہ ہو نے پر ایک پولٹری شاپ پر جرمانہ عائد کیا گیا، بعدازاں کارروائی کے دوران برآمد ہونے والے 25کلوگرام گٹکا پان پراگ اسسٹنٹ کمشنر تربت خرم خالد کی موجودگی میں تلف کردیا گیا، علاوہ ازیں حب میں بی ایف اے کی کارروائیوں کے دوران گزشتہ ہدایات و پابندی کے باوجود مضر صحت پان پراگ گٹکا کی فروخت پر سات پان شاپس،صفائی کے ناقص انتظامات، گندے فریزرز، گلی سڑی سبزیوں و فنگس زدہ گوشت کی موجودگی پر دو ہوٹلوں ،بریانی کی تیاری میں ناقص اجزاء و رنگوں کے استعمال،کچن ایریا میں گندگی اور ورکرز کی ذاتی صفائی نہ ہونے پر دو بریانی شاپس، نان فوڈ گریڈ کلرز کی موجودگی و کھانے پینے کے مراکز کو ان کی فروخت پر ایک سپر اسٹور، جبکہ ایک بیکری کو خراب و فنگس لگے مختلف بیکری آئٹمز کی برآمدگی پر جرمانہ کیا گیا۔بی ایف اے حکام نے چیکنگ کے دوران برآمد ہونے والا گٹکاپان پراگ اور نان فوڈ گریڈ کلرز قبضے میں لے لیا۔