• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پڑھائی کا خرچہ پورا کرنے کیلئے شوبز میں کام کیا، ژالے سرحدی

پاکستانی فلموں اور ڈراموں میں یادگار کردار نبھانے والی خوبصورت اداکارہ، ماڈل اور گلوکارہ ژالے سرحدی کا کہنا ہے کہ انہوں نے پڑھائی کا خرچہ پورا کرنے کے لیے شوبزنس میں کام کیا۔

جنگ کو انٹرویو دیتے ہوئے ژالے سرحدی نے بتایا کہ میں نے شوبزنس کیرئیر کا آغاز ریڈیو پاکستان کے مقبول ترین پروگرام ’بزم طلبہ‘ سے کیا، کئی ماہ تک اس پروگرام میں آواز کا جادو جگاتی رہی۔

ژالے سرحدی نے کہا کہ پڑھائی کا خرچہ پورا کرنے کے لیے اداکاری شروع کی لیکن کبھی سوچا نہیں تھا کہ فل ٹائم یہ کام کروں گی۔ اداکاری کو ہمیشہ سنجیدہ کام سمجھا فلم جلیبی میں آئٹم سونگ بھی کیا لیکن اس میں بھی پاکستانی کلچر کے مطابق کپڑے زیب تن کیے۔

انہوں نے کہا کہ ایسے کرداروں کا انتخاب کرتی ہوں جس میں ایکٹنگ کا مارجن زیادہ ہو، ایسا کام اچھا نہیں لگتا جس میں صرف بالوں کے منفرد انداز اور اعلیٰ میک اپ کی تعریف کی جائے۔

با صلاحیت فنکارہ ژالے سرحدی نے ایک سوال کے جواب میں بتایا کہ اپنی شخصیت سے مختلف کردار ادا کرنا زیادہ اچھا لگتا ہے۔ بالی ووڈ اور بالی ووڈ کی سپر اسٹارز سے میری شکل ملائی جاتی ہے کہا جاتا ہے میں پریانکا چوپڑا اورڈمپل کپاڈیا کی ہم شکل ہوں۔

میں ان باتوں پر زیادہ دھیان نہیں دیتی اپنی صلاحیتوں کی بنیاد پر شوبزنس میں آگے بڑھ رہی ہوں باوجود اس کے کہ میرے دادا اور چچا نے شوبزنس انڈسٹری میں بہت نام بنایا۔

انہوں نے کہا کہ میں نے فلم رام چند پاکستانی میں بھارتی فلموں کی معروف اداکارہ نندیتا داس کے ساتھ کام کیالیکن میں نے آج تک یہ فلم نہیں دیکھی، اس فلم میں میرے کردار کو کافی کاٹ دیا گیا تھا۔

اس کے بعد فلم جلیبی میں کام کیا بعد ازاں پاکستان اور چین کے اشتراک سے بننے والی فلم ’چلے تھے ساتھ‘میں کال کیا، یہ میرے دوستوں کی فلم تھی۔اس لیے اس فلم میں کام کرکے زیادہ مزہ آیا۔

اداکارہ نے بتایا کہ فلموں کے ساتھ درجنوں ڈراموں میں بھی کام کیا۔ ڈراما سیریل اڑان میرا پسندیدہ ڈراما ہے میرے دیگر ڈراموں میں میرے بے وفا ، وراثت، قسمت کا لکھا، نیلم اور عکس اور دیگر ڈرامے شامل ہیں۔

تازہ ترین