• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

امن و امان کو یقینی بنانے کیلئے ہر ممکن اقدامات کئے جائیں گے، اجلاس

کراچی (اسٹاف رپورٹر) ہیڈ کوارٹرز پاکستان رینجرز(سندھ) میں ایک اعلیٰ سطح کا سیکیورٹی اجلاس ڈی جی رینجرز (سندھ) میجر جنرل عمر احمد بخاری کی زیر صدارت منعقد ہوا۔ اجلاس میں ایڈیشنل آئی جی کراچی، کمشنر کراچی ودیگر پولیس افسران سمیت حساس اداروں کے اعلیٰ افسران نے شرکت کی۔ اجلاس کے دوران کراچی بالخصوص اور اندرون سندھ بالعموم کے حوالے سے حالیہ دہشتگردانہ کاروائیوں کا جائزہ لیا۔ اس کے علاوہ موجودہ سیکیورٹی پلان کا جائزہ لے کر اس میں مزید بہتری لانے کے لئے اقدامات کرنے کا فیصلہ کیا۔ مزید براں اس موقع پر قانون نافذ کرنے والے اداروں نے اعادہ کیا کہ کراچی کے امن و امان کی صورتحال کو یقینی بنانے کے لیے ہر ممکن اقداما ت کئے جائیں گے۔ ڈی جی رینجرز اور اجلاس کے شرکا نے حالیہ دہشتگردانہ حملوں میں تمام فورسز کے جوانوں کے کردار کی تعریف کی اور شہید و زخمی ہونے والے رینجرز، پولیس، سیکیورٹی اداروں کے جوانوں اور سویلین افرا د کو خراج تحسین پیش کیا۔اس موقع پر عوام سے اپیل کی گئی کہ صوبے بھر میں امن ا مان قائم رکھنے کے لیے مروجہ قوانین اور ضابطہ اخلا ق کی پاسداری کریں اور قانون نافذ کرنے والے اداروں سے بھر پور تعاون کرتے ہوئے کسی بھی شرپسند عناصر، مشکوک سرگرمی اور ناخوش گوار واقعہ کی فوری اطلاع تعینات رینجرزاہلکار، رینجرز ہیلپ لائن1101پر، رینجرز مدد گار واٹس ایپ نمبر03479001111پر کال یا ایس ایم ایس کے ذریعے دیں۔

تازہ ترین