اسلام آباد(نمائندہ جنگ) ترجمان دفتر خارجہ نے ایک بیان میں کہا ہے کہ مقبوضہ کشمیر کو دنیا کی سب سے بڑی جیل میں تبدیل کرنے اور فوج کے زیرسایہ انتخابات کروانے والے بھارت کے گلگت بلتستان میں انتخابات پر اعتراضات بے بنیاد ہیں، گلگت بلتستان میں انتخابات سے متعلق ایم ای اے کے ترجمان کے تبصرے کو مکمل طور پر مسترد کرتے ہیں، بھارت مقبوضہ کشمیر کو خالی اور کشمیریوں کو حق خودارادیت دے،ہندوستانی حکومت جو مقبوضہ جموں وکشمیر میں بھارتی قابض افواج کی بیرل کے تحت دھوکہ دہی کے ساتھ “انتخابات” کروا رہی ہے اور مقبوضہ خطے کو دنیا کی سب سے بڑی کھلی جیل بناچکی ہے گلگت بلتستان میں انتخابات کے بارے میں اس کے تبصرہ کرنے کی کوئی جگہ نہیں ہے، بھارت جموں و کشمیر کے کچھ حصوں پر غیرقانونی قابض ہے، گلگت بلتستان میں انتخابات کے بارے میں بے بنیاد بھارتی اعتراضات مقبوضہ جموں و کشمیر میں بھارتی سیکیورٹی فورسز کے ذریعہ انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کی پردہ پوشی نہیں کرسکتے ہیں۔