• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کراچی: قتل اور ڈکیتیوں میں ملوث 3 ملزمان گرفتار

کراچی کے علاقوں ناظم آباد اور خواجہ اجمیر نگری میں پولیس نے کارروائی کر کے قتل اور ڈکیتی کی وارداتوں میں ملوث 3 ملزمان کو گرفتار کر لیا۔

ایس ایس پی ایس آئی یو عرفان بہادر کے مطابق قتل اور ڈکیتی کی وارداتوں میں ملوث گروہ کے سرغنہ کو ناظم آباد سے گرفتار کیا گیا۔

انہوں نے بتایا کہ اسپیشل انویسٹی گیشن یونٹ کراچی نے ناظم آباد کے علاقے میں خفیہ اطلاع پر ٹارگیٹڈ کارروائی کرتے ہوئے شہر میں ڈکیتی اور قتل کی درجنوں وارداتوں میں مطلوب ڈکیت گروہ کے سرغنہ کو گرفتار کر لیا۔

ملزم سے غیر قانونی اسلحہ بمعہ ایمونیشن اور چھینی گئی موٹرسائیکل برآمد کر لی گئی۔

گرفتار ملزم نے تفتیش کے دوران 2019ء میں تھانہ سائٹ اے کے علاقے میں فیکٹری کے منیجر سے 27 لاکھ روپے کی رقم لوٹنے کے بعد اسے قتل کرنے کا انکشاف کیا ہے۔

گرفتار ملزم نے 2018ء میں تھانہ فیڈرل بی ایریا کے علاقے میں ڈکیتی کے دوران سیکیورٹی گارڈ کو قتل کرنے کا بھی اعتراف کیا ہے۔

گرفتار ملزم شہر کے مختلف علاقوں میں پولیس پر حملوں میں بھی ملوث تھا، جبکہ ڈکیتی کی وارداتوں کے لیے منصوبہ سازی کیا بھی کرتا تھا۔

ملزم سے برآمد کی گئی موٹر سائیکل تھانہ رضویہ کے علاقے سے چھینی گئی تھی، ملزمان کا گینگ کراچی کے مختلف علاقوں میں قتل اور ڈکیتی کی درجنوں وارداتوں میں ملوث تھا۔

گرفتار ملزم کے خلاف پولیس پر حملے، قتل اور ڈکیتی سمیت دیگر نوعیت کے درجنوں مقدمات شہر بھر کے تھانوں میں درج ہیں۔

ایک اور چھاپہ مار کارروائی میں اسپیشل انویسٹی گیشن یونٹ کراچی نے خواجہ اجمیر نگری کے علاقے سے 2 رکنی ڈکیت گروہ کو گرفتار کر کے وارداتوں میں استعمال ہونے والا اسلحہ برآمد کر لیا۔

یہ بھی پڑھیئے: ڈکیتی کے دوران قتل میں ملوث 2 ملزمان گرفتار

گرفتار ملزمان غلام علی ولد غلام حیدر اور غلام فرید ولد الٰہی بخش بینکوں سے رقم لے کر نکلنے والے شہریوں کو لوٹتے تھے۔

ملزمان نے تفتیش کے دوران اب تک 7 سے زائد شہریوں کو لاکھوں روپے کی رقم سے محروم کرنے کا اعتراف کیا ہے۔

گرفتار ملزمان کا مزید کریمنل ریکارڈ اکٹھا کیا جا رہا ہے جبکہ ان کے خلاف اسپیشل انویسٹی گیشن یونٹ میں مقدمہ بھی درج کیا گیا ہے۔

گرفتار ملزمان سے تفتیش کی جا رہی ہے جس کے بعد مزید گرفتاریاں اور انکشافات متوقع ہیں، ملزم سے برآمد اسلحہ فارنزک کے لیے روانہ کیا گیا ہے۔

تازہ ترین