• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

میتھی کے دھوکے میں بھنگ کھاکر 6 افراد کی حالت غیر

بھارتی خاندان کی بھنگ کے پتوں کو میتھی سبزی سمجھ کر پکا کر کھانے سے حالت غیر ہوگئی جبکہ بات اسپتال منتقلی تک جا پہنچی۔

اپنی نوعیت کا ایک عجیب واقعہ بھارتی ریاست اتر پردیش میں پیش آیا جہاں ایک سبزی فروش نے نتیش نامی شخص کو مذاق میں بھنگ کے پتوں کو میتھی کہہ کر بیچ دیا جس کے نتیجے میں پورے خاندان کی زندگیاں داؤ پر لگ گئیں۔

بھارتی میڈیا ’دی ٹائمز آف انڈیا‘ کے مطابق بھارتی شہری نتیش نے یہ بھنگ کے پتے گھر واپسی پر اپنی بھابی کو پکانے کے لیے دیئے، گھر میں موجود 6 افراد نے بھنگ کو میتھی سبزی سمجھ کر کھا لیا، بھنگ کھانے کے نتیجے میں گھر والوں کی طبیعت اچانک بگڑنے لگی، گھر کے ایک فرد کی جانب سے پڑوسیوں سے مدد اور ڈاکٹر کو بلانے کے لیے کہا گیا ۔

بھارتی میڈیا کے مطابق جتنی دیر میں پڑوسیوں نے ڈاکٹر کو کال کی اس وقت تک خاندان کے سب ہی افراد بے ہوش ہو چکے تھے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق خاندان کے سب ہی افراد کے بے ہوش ہونے پر پڑوسی نے پولیس میں اطلاع کی اور متاثرہ خاندان کو اسپتال بھی پہنچایا۔

مقامی پولیس کے مطابق واقعے کی تفتیش کے دوران گھر میں موجود بچی ہوئی سبزی کا جائزہ لیا گیا تو معلوم ہوا کہ یہ میتھی سبزی نہیں بلکہ بھنگ کے پتے ہیں۔

پولیس کا کہنا ہے کہ اس واقعے کی مزید تفتیش کرتے ہوئے سبزی فروش کو حراست میں لے کر اس کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ہے ۔

تازہ ترین