• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کراچی: بجلی بندش کا دورانیہ 15 گھنٹوں تک پہنچ گیا


کراچی کے مختلف علاقوں میں غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کا دورانیہ 15 گھنٹوں تک پہنچ گیا ہے۔

شہر کے مختلف علاقوں میں غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کا سلسلہ تاحال برقرار ہے ،گرمی کےموسم میں بجلی کی طلب میں اضافہ ہوا تو لوڈشیڈنگ کا دورانیہ بھی بڑھنے لگا ۔

ملیر، شاہ فیصل کالونی، طارق بن زیاد سوسائٹی، اولڈ سٹی ایریا، لیاری، کھارادر، قیوم آباد، کورنگی، محمود آباد، منظور کالونی کے مکینوں کو بجلی کی طویل بندش کا سامنا ہے۔

شہریوں کا کہنا ہے کہ دن کے علاوہ رات کے اوقات میں بھی 3 سے 4 گھنٹے لوڈ شیڈنگ ہورہی ہے۔

دوسری جانب ترجمان کے الیکٹرک کا کہنا ہے کہ بجلی چوری والے علاقوں میں نیشنل پاور پالیسی کے تحت لوڈشیڈنگ کی جاتی ہے۔

گزشتہ روز ملک بھر کے حوالے سے پاور ڈویژن کے ذرائع نے دعویٰ کیا تھاکہ ملک میں بجلی کا شارٹ فال زیرو ہے۔

پاور ڈویژن کے ذرائع کا کہنا ہے کہ طلب کے مطابق ملک میں 21 ہزار 200 میگاواٹ بجلی پیدا کی جارہی ہے،بجلی لوڈ شیڈنگ صرف بہت زیادہ نقصان والے فیڈرز پر کی جا سکتی ہے۔

ذرائع نے بتایا کہ سسٹم میں 24 ہزار میگاواٹ تک پیداوار کی گنجائش ہےجبکہ کےالیکٹرک کو نیشنل گرڈ سے 800 میگاواٹ بجلی دی جارہی ہے۔

تازہ ترین