• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مصر، فرانس، جرمنی اور اردن کا اسرائیل کو مغربی کنارے ہتھیانے پر انتباہ

برلن (این این آئی) مصر ، فرانس ، جرمنی اور اردن نے اسرائیل کو خبردار کیا ہے کہ وہ غربِ اردن میں فلسطینی علاقوں کو ہتھیاکر صہیونی ریاست میں ضم کرنے سے گریز کرے۔ ان ممالک نے کہاہے کہ اگر اس نے ایسا کیا تو اس کے دوطرفہ سفارتی تعلقات کیلئےمضمرات ہوسکتے ہیں۔میڈیارپورٹس کے مطابق جرمن کی وزارت خارجہ نے ان چاروں ممالک کی جانب سے ایک مشترکہ بیان جاری کیا اور اس میں بتایا کہ انکے وزرائے خارجہ نے اسرائیل اور فلسطینی اتھارٹی کے درمیان امن مذاکرات کی بحالی کے بارے میں تبادلہ خیال کیا ہے۔ان چاروں کے علاوہ بیشتر یورپی ممالک اسرائیل کے غربِ اردن کے بعض علاقوں اور وادیِ اردن کو صہیونی ریاست میں ضم کرنے کے اقدام کی مخالفت کررہے ہیں۔ چاروں ممالک کے وزرائے خارجہ نے ویڈیو کانفرنس کے بعد کہا کہ ہم نے اس بات پر اتفاق کیا ہے کہ 1967میں قبضے میں لیے گئے فلسطینی علاقوں کا صہیونی ریاست میں انضمام بین الاقوامی قانون کی خلاف ورزی ہوگا اور اس سے امن عمل کی بنیادیں متاثر ہوں گی۔انھوں نے بیان میں واضح کیا ہے کہ ہم 1967 کی سرحدوں میں ایسی کسی تبدیلی کو تسلیم نہیں کریں گے جس پر تنازع کے دونوں فریقوں کا اتفاق نہ ہو۔انھوں نے مزید کہا ہے کہ اس اقدام کے اسرائیل کے ساتھ تعلقات کے لیے مضمرات ہوں گے۔اسرائیل نے فوری طور پر اس کے ردعمل میں کوئی بیان جاری نہیں کیا ہے۔

تازہ ترین