• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اسلامی دنیا کی پہلی خاتون اسپیکر کو کس نے نوازا، سعید غنی


وزیرتعلیم سندھ سعید غنی نے وفاقی وزیر برائے بین الصوبائی رابطہ فہمیدہ مرزا کے بیان پر ردّ عمل دیتے ہوئے کہا کہ  آپ اسلامی دنیا کی پہلی خاتون اسپیکر بنی کس کی مرہون منت بنی؟ آپ کسی کے احسان کو مانیں، آپ کو کس پارٹی نے نوازا ہے۔

سعید غنی کا کہنا ہے کہ یہ خاتون کہتی ہے کہ میری زبان نہ کھلوائیں تو کھولیں زبان، اتنا کچھ ہونے کے باوجود آصف زرداری نے ایک لفظ نہیں بولا، جب ذوالفقار مرزا آپے سے باہر ہوگئے تو پھر اس سے وزارت لی گئی۔

وزیر تعلیم سندھ سعید غنی اور وزیر بلدیات سندھ ناصر حسین شاہ نے مشترکہ میڈیا سے گفتگو کی، اس دوران سعید غنی نے کہا کہ بلدیہ ٹاؤن کی جے آئی ٹی کہاں غائب ہوگئی اس پر کیوں بات نہیں ہوتی، گورنر سندھ عمران اسماعیل، علی زیدی اور صدر مملکت نے گینگ وار کی شمولیت کے لیے کمیٹی بنائی۔

سعید غنی نے کہا کہ اسد عمر نے ان سے ملاقات سے انکار کردیا تھا، پی ٹی آئی نے سی ویو پر دھرنا دیا تھا اس میں امن کمیٹی کے رہنما آتے رہے، وہ دھرنے میں آئے آپ ان کے گھروں پر کھانے کھائیں تو ٹھیک ہے۔

 انہوں نے کہا کہ عزیز بلوچ کے بیان پر یقین ہے ریحام خان، عائشہ گلالائی اور جسٹس اکبر کی باتوں پر یقین نہیں ہے۔

وزیر تعلیم سندھ نے کہا کہ عزیز بلوچ سے ہر سیاسی جماعت نے رابطہ کیا تھا، 2013 کے الیکشن کے بعد دوبارہ حالات خراب ہوئے، ہم نے تو ذوالفقار مرزا کے گند کو صاف کیا ہے، عبداللہ بلوچ بھٹو صاحب کے دور میں وزیر تھا۔

انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی تو خود دہشت گردوں کی سہولت کار ہے، پیپلز پارٹی خود دہشتگردی کا شکار رہی ہے۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر تعلیم سندھ سعید غنی نے مزید کہا کہ پوری دنیا میں پی آئی اے کی پروازوں پر پابندی لگائی جا چکی ہے، حکومت چاہتی ہے پی آئی اے کو اسٹیل ملز کی طرح زمیں بوس کیا جائے، یہ پی آئی اے کو بھی تباہ کرنا چاہتے ہیں۔

سعید غنی نے کہا کہ چینی اسکینڈل سے حکومت توجہ ہٹانا چاہتی ہے، پوری دنیا میں پیٹرول ملتا رہا کوئی خریدنے والا نہیں جبکہ پاکستان واحد ملک تھا جہاں لوگوں کو پیٹرول نہیں مل رہا تھا۔

انہوں نے کہا کہ کل اسلام آباد میں شوگر مل مالکان نے ایک اپیل دائرکی ہے، اس اپیل میں جہانگیر ترین اور خسرو بختیار کی فیملی شریک ہے۔

نالائق، سلیکٹڈ حکومت کورونا سے متعلق پوری دنیا کو دھوکا دے رہی ہے جبکہ ڈالر کی قیمت بڑھ گئی اس پر لوگوں کی توجہ ہٹادی گئی، اس کے علاوہ پنجاب میں گندم کا شدید بحران ہےاور قیمتیں بھی بہت زیادہ ہیں۔

سعید غنی نے کہا کہ اب تک ٹھیک ہے مگر پنجاب کا اثر سندھ پر بھی پڑھ سکتا ہے، کورونا کے ٹیسٹ کرنا کم کردیئے ہیں اور کہتے ہیں کہ کورونا نیچے آگیا ہے، ٹرمپ نے کہا تھا کہ ٹیسٹ کم کریں تو کیسز کم رپورٹ ہوں گے، یہ بھی ٹرمپ کی طرح ایک فلسفے، ایک نظریے پر چل رہے ہیں۔

وزیر تعلیم سندھ نے کہا کہ جن عدالتوں میں کیسز چل رہے ہیں اس میں علی زیدی گواہ بن جائیں، یہ وفاقی وزیر بن گئے مگرانہیں عقل نہیں آئی ، انہیں ہمارے سروں پر مسلط کردیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اسرار اللہ گنڈا پور خود کش دھماکے میں شہید ہوئے تھے، اس مقدمے میں اسرار اللہ گنڈا پور کے بھائی نے بیان دیا ہے۔

دوسری جانب وزیر بلدیات سندھ ناصر حسین شاہ کا میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا کہ کراچی میں نالوں کی مکمل صفائی اگست کے آخری ہفتے تک مکمل ہوگی۔ نالوں کے چاکنگ پوائنٹس کو کلیئر کردیا گیا ہے اور کے ایم سی کو صفائی کے کام میں آن بورڈ لیا ہے۔

ناصر شاہ نے کہا کہ کچرا لینڈ فل سائڈ پر پہنچایا جائے گا جہاں اس کا ویٹ ہوگا، جب تک کچرا لینڈ فل سائڈ نہیں جائےگا تب تک ادائیگی نہیں ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ کچرا دوبارہ نالوں میں جانے سے روکنے کے لیے طریقے کار طے کیا گیا ہے، کام شروع ہونے کی بھی ویڈیوز رکھیں تاکہ معلوم ہوکہ کتنا کام ہوا ہے۔

ناصر شاہ کا کہنا ہے کہ سندھ حکومت اپنا کام کررہی ہے، اس پورے کنٹریکٹ کو چیک کرسکتے ہیں، اس میں ہمیں ورلڈ بینک کا تعاون حاصل ہے، ورلڈ بینک کے کورونا کی وجہ سے پیسے آنے میں تاخیر ہورہی ہے۔

وزیر بلدیات سندھ ناصر حسین شاہ نے کہا کہ اس وقت سندھ حکومت پیسے دے رہی ہے۔ 

تازہ ترین