وفاقی ادارہ برائے شماریات نے مہنگائی کی ہفتہ وار رپورٹ جاری کر دی ہے، جس کے مطابق حالیہ ہفتےمیں مہنگائی میں 0.98 فیصد اضافہ ہوا، ایک ہفتے میں 18 اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ ہوا۔
اسلام آباد سے جاری ہونے والی رپورٹ کے مطابق ملک میں چینی کی قیمتوں میں اضافے کا سلسلہ جاری ہے۔ ایک ہفتے میں چینی کی قیمت میں 2 روپے 14 پیسے فی کلو کا بڑا اضافہ ہوا۔ چینی کی قیمت 80.82 سےبڑھ کر 82.96 روپے فی کلو ہوگئی۔
رپورٹ میں مزید کہا گیا کہ گزشتہ ہفتے چینی کی قیمت میں 24 پیسے فی کلو اضافہ ہوا۔ جبکہ ٹماٹر 29 روپےفی کلو مہنگا ہوا۔ ٹماٹر کی قیمت بڑھ کر 96 روپے50 پیسے فی کلو ہوگئی۔ پیاز 4 روپے فی کلو، 200 گرام سرخ مرچ 16 روپے مہنگی ہوئی۔
ایک ہفتہ میں انڈے فی درجن ساڑھے 4 روپے مہنگے ہوئے، چکن، بڑا گوشت، تازہ دودھ، چھوٹا گوشت، چاول، گڑ اور چنے کی دال بھی مہنگی ہوئی۔
علاوہ ازیں ایک ہفتے میں 11 اشیاء کی قیمتوں میں کمی بھی ہوئی۔ جن میں دال مونگ 10 روپےکلو اور کیلے فی درجن 5 روپے سستے ہوئے۔
اسی طرح آٹے کا 20 کلو کا تھیلا 6 روپے، ایل پی جی سلنڈر 6 روپے، دال ماش، لہسن اور گھی بھی سستا ہوا۔ ایک ہفتے میں 22 اشیاء کی قیمتوں میں استحکام رہا۔