جمعیت علماء اسلام (ف) کے مرکزی ترجمان حافظ حسین احمد نے کہا ہے کہ چودھری شجاعت آدھی بات کرکے ہمیں لب کشائی پر مجبور نہ کریں۔
اپنے ایک بیان میں حافظ حسین احمد نے کہا کہ جے یو آئی سے مذاکرات کی جو امانت چودھری برادران کے پاس ہے وہ قوم کو آگاہ کریں۔
حافظ حسین احمد نے کہا کہ چودھری شجاعت آدھی بات کرنے کے بجائے پورا سچ بتائیں۔
یہ بھی پڑھیے: ’کچھ لوگ مولانا کے دھرنے پر دھاوا بولنے کے حامی تھے‘
انہوں نے کہا کہ چوہدھری برادران بتائیں ہماری امانت کی کیا پوزیشن ہے؟ ہمیں اپنی امانتیں خطرے میں نظر آرہی ہیں۔
حافظ حسین احمد نے کہا کہ اپوزیشن کے رہنما پہلے ہی نیم دلی سے ہمارے ساتھ تھے، چودھری برادران سے مذاکرات کے بعد اپوزیشن کے رہنما مزید فاصلہ کرگئے۔
واضح رہے کہ مسلم لیگ ق کے صدر چوہدری شجاعت حسین نے انکشاف کیا تھا کہ مولانا فضل الرحمٰن جب دھرنے کے لیے اسلام آباد آئے تو کچھ لوگ دھرنے پر دھاوا بولنے کے حامی تھے۔
سربراہ ق لیگ نے کہا کہ مولانا فضل الرحمٰن کے معاملے پر ہماری پارٹی پر الزام لگایا گیا، پرویز الٰہی کی باہمی سوچ پر عمل کرتے ہوئے معاملہ افہام و تفہیم سے حل ہوا۔