• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

رویہ درست نہ ہوا تو ’کے الیکٹرک‘ تحویل میں لے سکتے ہیں، اسد عمر


وفاقی وزیر اسد عمر نےکہا ہے کہ رویہ درست نہ ہوا تو وفاق ’کے الیکٹرک‘ کو اپنی تحویل میں لے سکتا ہے۔

اسد عمر نے یہ بات وزیراعظم کی ہدایت پر گورنر ہاؤس کراچی میں لوڈشیڈنگ سے متعلق اجلاس کے دوران کہی۔

وفاقی وزیر اسد عمر نے گورنر ہاؤس میں اجلاس کی صدارت بھی کی جس میں اراکین اسمبلی، میئرکراچی اور کے الیکٹرک حکام بھی شریک ہوئے جبکہ چیئرمین نیپرا توصیف فاروقی کو ویڈیو لنک پر لیا گیا۔

انہوں نے کے الیکٹرک کی انتظامیہ کو متنبہ کرتے ہوئے کہا کہ اگر رویہ درست نہیں ہوا تو وفاق ’کے الیکٹرک‘ کو اپنی تحویل میں لے سکتا ہے۔

اس سے قبل وفاقی وزیر اسد عمر نے دعویٰ کیا کہ کل سے کراچی میں بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ ختم ہوجائے گی۔

اسد عمر اور عمران اسماعیل کی یقین دہانی کے بعد کراچی میں کے الیکٹرک کے خلاف پی ٹی آئی کا دھرنا ختم کردیا گیا۔

وفاقی وزیر منصوبہ بندی نے وضاحت کی کہ پٹرولیم ڈویژن کا لوڈ شیڈنگ سے کوئی تعلق نہیں، تاہم کراچی میں بجلی کی بڑھتی ہوئی طلب کے پیش نظر کے الیکٹرک کو گیس اور فرنس آئل کی فراہمی میں اضافہ کردیا گیا ہے اور کل سے غیراعلانیہ لوڈ شیڈنگ نہیں ہوگی۔

گورنرسندھ عمران اسماعیل نے کہا کہ وفاقی حکومت کراچی میں لوڈ شیڈنگ کے خاتمے کے لیے کوشاں ہیں، اووربلنگ کی شکایات پر بھی نظر ہے اور اس معاملے کا آڈٹ ذاتی طور پر کرائیں گے۔

تازہ ترین