• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

شہباز شریف کا شہداء جموں و کشمیر کو خراج عقیدت

مسلم لیگ نون کے صدر اور قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہباز شریف نے یوم شہدائے کشمیر پر شہدا جموں و کشمیر کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ جموں وکشمیر کے رہنے والوں کی عظیم قربانیاں ناقابل فراموش ہیں۔

شہباز شریف نے کہا کہ کشمیریوں نے ڈوگرہ فوج کیخلاف سری نگر میں جام شہادت نوش کیا اور ثابت کیا کہ قرآن، اسلام کی حرمت انہیں جان سے پیاری ہے۔

انہوں نے کہا کہ بائیس مسلمانوں کا جان قربان کر کے اذان مکمل کرنا پیغام ہے کہ انہیں شکست نہیں دی جاسکتی، شہدائے کشمیر کی پکار بھارت سے تحریک آزادی کی صورت میں آج بھی گونج رہی ہے۔

شہباز شریف نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر مسلم اکثریت خطہ ہے، ان شااللہ ہمیشہ رہےگا، بھارت کے ظلم و جبر میں5  اگست2019 سے نئی شدت آئی جو انتہائی قابل مذمت ہے۔

انہوں نے سوال اٹھایا کہ کشمیری عالمی برادری، اقوام متحدہ اورسلامتی کونسل سے سوال کررہے ہیں کہ انہیں انصاف کب ملے گا؟

صدر مسلم لیگ نون نے یہ بھی کہا کہ جموں و کشمیر کے رہنے والوں کو سلام جنہوں نے آزادی کیلئے ہر ظلم، مصیبت کا عزم و ہمت سے مقابلہ کیا۔

شہدا کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے شہباز شریف نے دعا کی کہ اللہ تعالی شہدا کے درجات بلند فرمائے اور پسماندگان کو صبرجمیل دے۔

تازہ ترین