• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

شہباز گل کا مریم اورنگزیب کے بیان پر ردعمل

وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے سیاسی روابط ڈاکٹر شہباز گل نے مسلم لیگ ن کی ترجمان مریم اورنگزیب کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے سوال اُٹھایا کہ پاکستان کا کرنٹ اکاؤنٹ خسارہ مثبت کرنے کی پاداش میں عمران خان مستعفیٰ ہوں؟

ڈاکٹر شہباز گل نے کہا کہ آج 5 ہزار ارب روپے قرض واپس کرنے والے سے سوال کر رہے ہیں، 2 سال میں معیشت کو درست سمت لے جانے پر استعفیٰ مانگا جا رہا ہے۔

شہباز گل نے کہا کہ کورونا کے باوجود برآمدات میں اضافہ ہونے پر مریم صاحبہ کو رنج ہے، بلومبرگ، موڈیز، ورلڈ بینک کا معاشی استحکام کی تعریف کرنا انہیں چبھ رہا ہے۔

اُنہوں نے کہا کہ ن لیگ ہوتی تو زلزلہ زدگان کی رقم کی طرح 1200 ارب بھی جیبوں میں ڈالا جاتا، سستی روٹی، اورنج لائن جیسے فلاپ پراجیکٹس دینے والے آج کارکردگی کی باتیں کر رہے ہیں۔

واضح رہے کہ مسلم لیگ ن کی ترجمان مریم اورنگزیب نے گزشتہ روز اپنے ایک بیان میں کہا تھا کہ عمران صاحب دو سال میں جو کارکردگی دکھائی ہے، اس پر استعفیٰ دیں اور گھر جائیں۔

اُنہوں نے کہا تھا کہ عمران صاحب قوم بھی آپ سے یہی مطالبہ کررہی ہے کہ ’کارکردگی دکھاؤ ورنہ گھر جاؤ‘، عمران صاحب دو سال میں آپ نے جو کچھ کیا ہے، اس پر استعفیٰ تو بنتا ہے۔

تازہ ترین