پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے یوم شہدائے کشمیر پر پیغام جاری کرتے ہوئے کشمیر کی جدوجہد آزادی کے تمام شہداء و اسیروں کوسلام پیش کیا ہے۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ سرینگر میں 22 شہداء کی قربانی کشمیریوں کے جذبہِ آزادی و حریت کا نقطہ آغاز بنی، ظالم ڈوگرا راج کے پیروکار قابض بھارت نے بھی کشمیریوں پر بربریت کے ریکارڈ توڑ دیئے۔
انہوں نے کہا کہ کشمیری شہداء کی دی گئی اذان کی بازگشت سے بھارتی حکمران لرزتے رہیں گے۔
بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ مودی جو چاہے کرلے، مستقبل قریب میں بھارت کی شکست، کشمیریوں کی فتح نوشتہ دیوار ہے۔
اس سے قبل وزیر اعظم عمران خان نے یوم شہدائے کشمیر کے موقع پر جاری پیغام میں کہا کہ مقبوضہ کشمیرکی آزادی کا دن دور نہیں، پاکستان کشمیریوں کے استصواب رائےکےحق کیلئے ثابت قدمی سے کھڑا ہے۔