• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اپوزیشن یکجہتی کی بات کرے تو حکومت سمجھتی ہےNROچاہئے، احسن اقبال


کراچی (ٹی وی رپورٹ)وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود نے کہا ہے کہ قومی مفاد میں حکومت اور اپوزیشن میں اتفاق رائے ہوتا ہے باقی سیاست چلتی رہتی ہے، ہمارا آئین تمام پاکستانیوں کو برابر کے بنیادی حقوق دیتا ہے، عوام سے گزارش ہے عید الاضحیٰ اور محرم میں ہرممکن احتیاط کریں، سندھ خصوصاً کراچی میں کورونا مریضوں اور اموات کی شرح زیادہ ہے،فارن فنڈنگ کیس میں الیکشن کمیشن کے بلانے پر کوئی مسئلہ نہیں ہے اکبر ایس بابر کو پارٹی سے نکالے جانے کا غم ہی ختم نہیں ہورہا۔ وہ جیو کے پروگرام ”کیپٹل ٹاک“ میں میزبان حامد میر سے گفتگو کررہے تھے۔ پروگرام میں ن لیگ کے رہنما احسن اقبال اور وزیراطلاعات سندھ ناصر حسین شاہ بھی شریک تھے۔احسن اقبال نے کہا کہ اپوزیشن نے قومی مفاد کے معاملات پر کبھی ایشو نہیں بنایا، پی ٹی آئی رہنماؤں نے لوگوں کو اکسا کر مجھ پر حملہ کروایا،اپوزیشن یکجہتی کی بات کرے تو حکومت سمجھتی ہے این آر او چاہئے، وزیراعظم نے کسی قومی معاملہ پرقوم کو اکٹھا کرنے کی صلاحیت نہیں دکھائی، حکومت کی کشمیر پالیسی سمجھ سے بالاتر ہے، یوم شہدائے کشمیر پر انڈیا کو رعایت دینا ناقابل قبول ہے۔ناصر حسین شاہ نے کہا کہ حکومت توجہ ہٹانے کیلئے سنتھیا رچی تو کبھی عذیر بلوچ کے ایشوزاٹھادیتی ہے، کورونا کا پھیلاؤ کم نہیں ہواابھی تک مثبت کیسوں کی شرح برقرار ہے، وفاق اور پی ٹی آئی کی صوبائی حکومتیں جان بوجھ کر کم ٹیسٹنگ کررہی ہیں، موجود ہ حکومت نے جتنا خراب کشمیر کا کیس لڑا کوئی حکومت نہیں لڑسکتی تھی۔

تازہ ترین