• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بے بنیاد الزامات لگاکر کردار کشی کی گئی، جج نے بھی مالی بدعنوانی نہ ہونے کا اعتراف کیا، احسن اقبال


پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما اور سابق وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے کہا ہے کہ بے بنیاد الزامات لگا کر میری کردار کشی کی گئی، نیب جج نے بھی اعتراف کیا کہ مجھ پر مالی بدعنوانی کا الزام نہیں ہے۔

جنرل سیکریٹری مسلم لیگ (ن) احسن اقبال نے کہا کہ نارووال اسپورٹس سٹی منصوبے کی لاگت 6 ارب روپے تھی، جبکہ یہ منصوبہ پاک بھارت سرحد سے صرف  800 میٹر کے فاصلے پر ہے۔

انہوں نے کہا کہ نیب جج نے اعتراف کیا مجھ پر مالی بدعنوانی کا الزام نہیں،  بے بنیاد الزامات لگا کر میری کردار کشی کی گئی۔

احسن اقبال کا کہنا تھا کہ عمران نیازی نے حکومت میں آتے ہی فوری طور پر فنڈنگ بند کردی، کروڑوں روپے کی آسٹروٹرف وارنٹی ختم ہونے پر ضائع ہوگئی۔

لیگی رہنما کا کہنا تھا کہ نارووال اسپورٹس سٹی کا اربوں روپے نقصان کردیا گیا۔

ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ عمران خان نیازی کی سیاسی انتقامی کارروائی سے پاکستان کھیلوں کے منصوبے سے محروم ہوگیا۔

احسن اقبال نے کہا کہ چیئرمین نیب کو ریفرنس دیا ہے، قومی منصوبے کو اربوں کا نقصان پہنچنے کا مقدمہ بنائیں۔

انھوں نے یہ بھی کہا کہ نیب کو گندم چینی کا معاملہ نظر نہیں آتا؟ پی ٹی آئی عوام کی جیبوں پر 300 ارب کا ڈاکا ڈالے، کوئی پوچھنے والا نہیں؟

احسن اقبال کا کہنا تھا کہ نیب ہماری ضمانتوں کے خلاف اپیل کے لیے دو گھنٹے میں اجلاس بلالیتا ہے۔

انھوں نے کہا کہ کرپشن کا سب سے بڑا اسکینڈل بی آر ٹی پشاور میں ہوا ہے، جبکہ بلیک لسٹڈ کمپنی کو لاہور اور اسلام آباد میں من پسند ٹھیکوں میں نوازا جارہا ہے۔

احسن اقبال کا کہنا تھا کہ نارووال اسپورٹس سٹی میں کرپشن کا جھوٹا الزام لگا کر مجھے جیل بھجوایا گیا، نیب کے ذریعے ہمارے خلاف مقدمے بنوانے کے لیے افسران کو دھمکایا جارہا ہے۔

تازہ ترین