وفاقی وزیر اطلاعات سینیٹر شبلی فراز نے کہا ہے کہ ذوالفقار علی بھٹو کے روٹی، کپڑا اور مکان کا نعرہ تحریک انصاف پورا کررہی ہے۔
کابینہ اجلاس کے بعد میڈیا بریفنگ میں شبلی فراز نے کہا کہ اپوزیشن کے پاس کوئی ایجنڈا ہے اور نہ ہی کوئی متبادل پروگرام ہے۔
انہوں نے کہا کہ اپوزیشن 2 ہفتوں سے بے یقینی پیدا کرنا چاہتی ہے، انہیں اپنے گناہوں کا پتا ہے، اس لیے احتساب سے بھاگ رہے ہیں۔
وفاقی وزیر اطلاعات نے مزید کہا کہ احسن اقبال ایسی قیادت کے نمائندے ہیں جو باہر بیٹھی ہے، اپوزیشن عمران خان کے ساتھ موازنہ چھوڑ دے۔
یہ بھی پڑھیے: بے بنیاد الزامات لگاکر کردار کشی کی گئی، احسن اقبال
ان کا کہنا تھا کہ جو روٹی، کپڑا اور مکان کا نعرہ ذوالفقار علی بھٹو نے دیا تھا، اسے پی ٹی آئی پورا کررہی ہے۔
شبلی فراز نے یہ بھی کہا کہ وزیراعظم عمران خان سینیٹ کے انتخابات میں شفافیت کے لیے پرعزم ہیں ،ہم ایسا الیکشن چاہتے ہیں، جس پر کوئی انگلی نہ اٹھاسکے۔
انہوں نے کہا کہ گیس کی قیمتوں اور کے الیکٹرک سے متعلق فیصلہ آئندہ کابینہ اجلاس میں کیا جائے گا۔
وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ پنش ختم ہونے سے متعلق سوشل میڈیا پر زیر گردش خبریں درست نہیں۔