• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

نیب بورڈ، نواز شریف، شہباز شریف اور سرتاج عزیز کے خلاف انوسٹی گیشن کی منظوری، نواز شریف کا اشتہار لندن میں بھی لگے گا، ن لیگی صدر، احد چیمہ اور دیگر کیخلاف کئی کیسز بند

نیب بورڈ، نواز شریف، شہباز شریف اور سرتاج عزیز کے خلاف انوسٹی گیشن کی منظوری


اسلام آباد (نمائندہ خصوصی ، جنگ نیوز، خبرایجنسی) چیئرمین نیب نے نواز شریف، شہباز شریف اور سرتاج عزیز کے خلاف نئے کیسز کھولنے کی منظوری دے دی جبکہ شہباز شریف ،احد چیمہ اور دیگر، انوائر منٹ ، انڈسٹریل اسٹیٹ مینجمنٹ اور ٹرانسپورٹ کمپنیز کے افسروں اور اہلکاروں کے خلاف انکوائریاں عدم شواہد پر بند کرنے کا فیصلہ کر لیا۔

نوازشریف کیخلاف تحقیقات رائے ونڈ روڈ کی تعمیر ،شہباز و سرتاج کیخلاف نجی یونیورسٹی سے متصل 2رویہ سڑک کی تعمیر سے متعلق ، رانا اقبال اور ارشد وحید کیخلاف بدعنوانی ریفرنس دائر کرنیکا فیصلہ،ہیون ویلاز فیصل آباد میں کرپشن پر مہر حامد رشید،مہر عبد الرئوف ، انتظامیہ، ڈیولپرز ،یونیورسٹی آف پنجاب کے پی ایچ ڈی ڈیفالٹنگ اسکالر زاور عتیق الرحمان ، شیخ اعجاز کیخلاف بھی تحقیقات کی منظوری دیدی گئی۔

نیب نے نواز شریف کو ان کی لندن میں رہائش گاہ پر طلبی نوٹس بھیجنے کا فیصلہ کیاہے۔نیب ایگزیکٹو بورڈ کا اجلاس گزشتہ روز چیئرمین نیب جسٹس(ر) جاوید اقبال کی زیرصدارت ہوا، اجلاس میں نواز شریف اور دیگر کے خلاف انویسٹی گیشن کی منظوری دی گئی، شہباز شریف، سر تاج عزیز رانا اقبال خان اور دیگر ،مہر حامد رشیدرکن صوبائی اسمبلی پنجاب،مہر عبد الرئوف،ہیون ویلاز فیصل آباد کے مالکان /ڈویلپرانتظامیہ اور دیگر، عتیق الرحمان ،شیخ اعجاز احمد سابق ایم پی اے اور دیگراور یونیورسٹی آف پنجاب کے پی ایچ ڈی ڈیفالٹنگ اسکالرزکے خلاف انکوائریز کی منظوری دی گئی۔

شہباز شریف، جاوید محمود ،احد چیمہ اور دیگرکے خلاف انوسٹی گیشنزجبکہ ایف آئی ای ڈی ایم سی انوائرنمنٹ مینجمنٹ کمپنی فیصل آبادکی انتظامیہ/افسران /اہلکاران اور دیگر،پنجاب انڈسٹریل اسٹیٹ ڈیولپمنٹ اور مینجمنٹ کمپنی کی انتظامیہ/ افسران/ اہلکاران اور دیگر،لاہور ٹرانسپورٹ کمپنی کی انتظامیہ/افسران/اہلکاران اور دیگر، پنجاب میونسپل ڈویلپمنٹ فنڈ کمپنی کی انتظامیہ/افسران و اہلکاران اور دیگر،گوجرانوالا ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کی انتظامیہ /افسران/اہلکاران اور دیگرکے خلاف انکوائریز اب تک عدم شواہد کی بنیاد پرقانون کے مطابق بند کرنے کی منظوری دی گئی۔

نیب نے سابق وزیراعظم میاں نوازشریف اور ان کے بھائی میاں شہباز شریف کے خلاف جس نئے کیس میں تحقیقات کی منظوری دی ہے اس کی نوعیت کے بارے میں تفصیلات بتانے سے گریزکیا تاہم حکام کا بتانا ہے کہ نوازشریف کے خلاف تحقیقات رائے ونڈ روڈ کی تعمیر سے متعلق ہیں۔شہباز شریف کے خلاف ایل ڈی اے میں پلاٹوں کی الاٹمنٹ کا کیس بند کرنے کی منظوری دے گئی ہے۔

اسی طرح شہبازشریف اور سرتاج عزیز کے خلاف ایک نجی یونیورسٹی کے پاس دو رویہ سڑک کی تعمیرکے سلسلے میں کیس کی انکوائری کی جارہی ہے۔شہبازشریف پرالزام ہے کہ انہوں نے وزیراعلیٰ کی حیثیت سے سرتاج عزیز کو بطور یونیورسٹی عہدیدار یہ دو رویہ سڑک بنانے میں مدد دی۔

نیب کی طرف سے جاری اعلامیے کے مطابق رکن پنجاب اسمبلی مہر حامد رشید کے خلاف ہیون ولاز فیصل آباد میں کرپشن کے الزامات پر انکوائری کی منظوری دیدی گئی اسی طرح سابق ڈی آئی جی پولیس رانامحمد اقبال کے خلاف بھی انکوائری کی منظوری دی گئی جبکہ ارشد وحید چیف ایگزیکٹو آفیسر میسرز ای آر پی ایل اور دیگر کے خلاف بدعنوانی کا ریفرنس احتساب عدالت میں جمع کرانے کی منظوری بھی دی گئی ہے۔

ادھر خبر رساں ادارے کےمطابق نیب نے سابق وزیراعظم نواز شریف کو ان کی لندن میں رہائش گاہ پر طلبی نوٹس بھیجنے کا فیصلہ کرلیا ۔ ذرائع کے مطابق نیب کے ایک سینئر افسر نے وزارت خارجہ کے متعلقہ حکام سے رابطہ کیا ،نیب کی جانب سے نواز شریف کو نوٹس بھجوانے کے معاملہ پر وزارت خارجہ کے حکام سے مشاورت کی گئی ۔ س

فارتی ذرائع کے مطابق دفترخارجہ نے لندن میں ہائی کمیشن کو زبانی طور پر معاملے سے آگاہ کردیا۔ دریں اثناء احتساب عدالت میں زیر سماعت سابق صدر پاکستان آصف زرداری وغیرہ کے خلاف جعلی اکاؤنٹس کے ٹھٹھہ واٹر سپلائی ریفرنس میں بھی فرد جرم عائد کرنے کا فیصلہ کر لیا گیا۔ منگل کو سماعت کے دوران سابق صدر پاکستان کی طرف سے انکے وکیل اسد عباسی عدالت پیش ہوئے اور ایک روزہ استثنیٰ کی درخواست دائر کی جسے عدالت نے منظور کرلیا۔

تازہ ترین