کورونا وائرس کا شکار ہونے والے اسپتال میں زیرِ علاج بھارتی فلم انڈسٹری کے ورسٹائل اداکار امیتابھ بچن نے سوشل میڈیا پر ایک اہم پیغام جاری کیا ہے۔
مائیکرو بلاگنگ سائٹ ٹوئٹر پر امیتابھ بچن نے اپنے چاہنے والوں کو اُن 6 افراد کے بارے میں اہم معلومات دیں جو ہمیشہ اپنی زندگی میں دُکھ اور غم کا شکار رہیں گے۔
ٹوئٹر پر جاری کردہ اپنے پیغام میں امیتابھ بچن نے لکھا کہ ’جو لوگ دوسروں سے حسد کرتے ہیں، دوسروں کی کامیابیوں کی وجہ سے اُنہیں ناپسند کرتے ہیں، جو لوگ غیر مطمئن رہتے ہیں، دوسروں پر بلا وجہ غصہ کرتے ہیں، شکوہ کرتے ہیں، یہ وہ 6 اقسام کے افراد ہیں جو کبھی خوش نہیں رہ سکتے۔‘
امیتابھ بچن نے لکھا کہ ’ان اقسام کے افراد ہمیشہ دُکھی اور غمزدہ رہتے ہیں کیونکہ وہ دوسروں کی خوشیوں سے حسد کرتے ہیں۔‘
بھارتی اداکار نے لکھا کہ ’اِسی لیے میں آپ کو مشور ہ دے رہا ہوں کہ آپ خود کو اس طرح کے لوگوں سے بچائیں۔‘
امیتابھ بچن کے اس معلوماتی ٹوئٹ کو صرف چند ہی گھنٹوں میں 28 ہزار سے زائد ٹوئٹر صارفین لائک کرچکے ہیں۔
واضح رہے کہ گزشتہ دنوں امیتابھ بچن نے ٹوئٹر پر بتایا تھا کہ اُن کا کورونا ٹیسٹ مثبت آگیا ہے اور اُنہیں اسپتال منتقل کردیا گیا ہے جبکہ اس حوالے سے متعلق حکام کو بھی آگاہ کردیا گیا ہے۔
اِس ضمن میں اسپتال کے تشویشناک نگہداشت وارڈ کے سربراہ ڈاکٹر عبدالصمد انصاری نے بھارتی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا تھا کہ امیتابھ بچن کی طبیعت مستحکم ہے۔
بچن خاندان کے چار لوگ عالمی وبا کورونا وائرس کا شکار ہوچکے ہیں جن میں امیتابھ بچن، ابھیشیک بچن، ایشوریا رائے بچن اور ارادھیا بچن شامل ہیں جبکہ جیا بچن کورونا سے محفوظ ہیں۔