• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

…ماریہ علی…

گھر کی تزئین و آرائش ایک فن ہے ،اس کی باقاعدہ تعلیم بھی دی جاتی ہے، جن خواتین کو شوق ہوتا ہے وہ حاصل بھی کرتی ہیں۔ ویسے آج کل تو یہ ٹر ینڈ عام ہوتا جارہا ہے کہ ماہرین آرائش سے باقاعدہ گھروں کی تزئین وآرائش کروائی جاتی ہے ۔لیکن ایسا کرنا ہر ایک کے بس کی بات نہیں ،یوں تو ہر خاتون ہی اپنے ذوق کے مطابق گھر کی آرائش کر لیتی ہے لیکن بسا اوقات وہ چاہتی ہے کہ آرائش میں کوئی ان کا ہاتھ بٹائے ،انہیں مشورہ دے ۔ 

تو چلیں اس ہفتے ہم آپ کو ’’کامن روم ‘‘ کی آرائش کے بارے میں بتاتے ہیں ۔اگرچہ اس کی آرائش عام طور پر اتنی زیادہ مشکل نہیں ہوتی ،کیوں کہ اس میں سادہ فرنیچر استعمال ہوتا ہے ، مگر عموماً خواتین کو چیزوں کی ترتیب مشکل لگتی ہے، کیوں کہ اس کو اسٹائلش کے ساتھ ساتھ آرام دہ بھی رکھنا ہوتا ہے ۔

اگر اس کی سجاوٹ بے ڈھنگی ہو گی تو آرائشی اشیاء بھی پھیکی پڑجائیں گی۔بہت سی خواتین کامن روم کے صوفوں، پردوں اور دیگر آرائشی اشیاء کے ساتھ ساتھ فرنیچر میں رنگوں کے امتزاج اور میچنگ کا خیال تو رکھتی ہیں، مگر کشنز کو بالکل نظر انداز کر دیتی ہیں۔ ہمارا مشورہ ہے کہ فرش پر قالین ہو یانہ ہو ،’’فلورکشن ‘‘ ضرور رکھیں ،کیوں کہ کمرے میں’’ کشنز‘‘ سیٹنگ کو زیادہ دلکش بنا تے ہیں۔ 

دیواروں اور پردوں کے رنگوں کی میچنگ کے کشنز استعمال کریں یا متضاد رنگ، یہ ہر صورت اچھے لگیں گے۔ اس کے لیے جو چیز بنیادی اہمیت رکھتی ہے، وہ کپڑا ہے، ایسا کپڑا مت خریدیں جو جلدی پھٹ جائے یا رنگ مدہم ہوجائے۔

یاد رکھیں سخت اور بنا لچک والا کپڑا جلدی پھٹ جاتا ہے۔کشنز بنانے کے لیے کپڑا خریدتے وقت اُسے کھینچ کر دیکھیں، اگر کپڑا لچکدار ہے تو دیرپا اور پائیدار ہوگا ۔ایسا کپڑا مت خریدیں جوجلدی داغ دارہوجائے ۔ کشنزکے لیے عام طور پر جو کپڑا استعمال کیا جاتا ہے وہ پوست یا سلک کا ہوتا ہے۔ اس کے علاوہ ریشم سے بنے کپڑے کے بھی کشن اچھے لگتے ہیں۔ رنگ برنگے کپڑو ں کے ٹکڑے جوڑ کر بھی کشن بناکر ان پر کڑھائی کی جاسکتی ہے۔

کمرے میں صوفہ کم بیڈ ،فلو رکشن ضرور رکھیں ،نیز داخلی دروازے میں گہرے رنگ کاسینٹر پیس بچھائیں۔چند آرام دہ کرسیاں اور چھوٹے قد کے صوفے بھی کامن روم میں اچھے لگتے ہیں ،اگر کمرے میں گنجائش ہے تو ایک کونے میں رلی بچھا کر اُس پر چھوٹے گائوتکیے رکھ دیں ،اگر تخت رکھنا چاہیں تو اُس پر پھول دار یا سادہ چادر بچھا کر گاؤتکیے رکھ دیں۔

تازہ ترین