اسلام آباد (این این آئی) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما احسن اقبال نے کہا ہے کہ بھارتی جاسوس کلبھوشن جادیو کو سہولت پہنچانے کیلئے تحریک انصاف حکومت نے آرڈیننس جاری کیا، ایسے آرڈننس پر ہمارے ساتھ جو ہوتا سب جانتے ہیں،ہمارے لئے تو مودی کا یار کے پوٹس لگ گئے ہوتے۔
دوسری جانب وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے سیاسی روابط ڈاکٹر شہباز گل نے بلاول بھٹو سے سوال پوچھا ہے کہ کیا وہ بتانا پسند کریں گے کہ کلبھوشن جادیو کو کیا رعایت دی گئی؟، ان کا بس چلے تو کرپشن کو قانونی حیثیت دینے کا مطالبہ کردیں۔
ایک بیان میں احسن اقبال نے کہا کہ بھارتی جاسوس کلبھوشن جادیو کو سزائے موت کیخلاف عدالت میں اپیل کرنے کا حق دیا گیا۔یہ کام مسلم لیگ ن کی حکومت نے کیا ہوتا تو اب تک کیا کہرام مچا ہونا تھا؟اندازہ لگائیں۔مسلم لیگ ن کا دور ہوتا تو ایسے کام پر ان کی طرف سے مودی کا یار کے پوسٹر کہاں کہاں لگ گئے ہوتے۔
علاوہ ازیں وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے سیاسی روابط ڈاکٹر شہباز گل نے چیئرمین پیپلز پارٹی کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ ان کا کام صرف قوم کو گمراہ کرنا ہے جس کی تگ ودو میں یہ مصروف ہیں۔ ان کے پاس ناجائز دولت کا جواب نہیں، اس لئے سازش کی کہانی گھڑ کے عوام کی ہمدردی حاصل کرنے کی کوشش کرتے ہیں۔