پاکستان مظلوم کشمیریوں کی سیاسی و اخلاقی حمایت جاری رکھے گا اور مسئلہ کشمیر کو ہر عالمی فورم پر اٹھانے کی پالیسی جاری رکھے گا، یہ بات جاپان میں پاکستان کے سفیر امتیاز احمد نے کشمیر یکجہتی فورم کے صدر بیرسٹر شاہد مجید اور معروف سماجی شخصیت صحیم عباسی سے ملاقات کے موقع پر کہی۔ وہ برہان وانی کے چوتھے یوم شہادت پر تقریب میںشریک تھے۔سفیر پاکستان نے گزشتہ دنوں معصوم بچے کے سامنے اس کے بزرگ نانا کو بھارتی فوج کی جانب سے قتل کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ انسانی حقوق کی تنظیموں کو بھارتی افواج کی جانب سے مقبوضہ کشمیر میں جاری انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کی سختی سے مذمت کرنی چاہیے۔ کشمیر یکجہتی فورم جاپان کے سربراہ شاہد مجید ایڈووکیٹ نے اس سلسلے میں دنیا بھر میں کشمیری و پاکستانی برادری سے باقاعدہ احتجاج کی اپیل بھی کی اور کہا کہ دنیا بھر میں اس کے خلاف بھرپور احتجاج کیا جائے۔انہوں نے کہا کہ بھارتی حکومت ناجائز ہتھکنڈوں سے تحریک آزادی کشمیر کو دبا نہیں سکتی۔ انہوں نے انسانی حقوق کی پامالی پر شدید تشویش کا اظہار کیا اور کہا کہ اب دنیا بھر کی انسانی حقوق کی تنظیموں کو چاہیے کہ اس پر عمل کریں۔انہوں نے کہا کہ کشمیر میں ہونے والے بھارتی مظالم جاری ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی پامالی کی جارہی ہے ۔ اس موقع پر سفارت خانہ پاکستان ٹوکیو کے پریس اتاشی اشفاق خلیل بھی موجود تھے۔
گزشتہ دنوںپندرہ سالہ پاکستانی طالبہ ایشل عامر نے ریاضی کے شعبے میں بہترین کتاب لکھ کر تاریخ رقم کردی ، پاکستانی طالبہ کی تحریر کردہ کتاب جس کا نام THE MATHMATICAL EVOLUTION رکھا گیا ہے۔یہ کتاب ایمیزون پر بہترین فروخت کےساتھ مقبولیت کے ریکارڈ قائم کررہی ہے ۔ایشل عامر کے والد عامر شہزاد کا کہنا ہے کہ ایشل انتہائی ذہین طالبہ ہے اور گزشتہ کئی سالوں میں اسکول کی بہترین طالبہ کا ایوارڈ بھی حاصل کرتی رہی ہیں جبکہ ریاضی کے مضمون میں بھی انھوں نے ریکارڈ مارکس حاصل کیے ہیں جبکہ وہ کئی عالمی مقابلوں میں انعامات حاصل کرتی رہی ہیں ۔
اس موقع پرمصنفہ ایشل عامر نے کہا کہ وہ شروع سے ہی ریاضی کے مضمون سے لگاو رکھتی ہیں اور ان کی کتاب میں ریاضی کا شوق رکھنے والے افراد کے لیے انتہائی اہم معلومات موجود ہیں ،جس میں دنیا کی ترقی میں ریاضی کا کردار جبکہ ریاضی کی تاریخ اور مختلف ادوار میں ریاضی کے کردار کے حوالے سے بھی معلومات فراہم کی گئ ہیں جبکہ اس کتاب میں پڑھنے والوں کو ریاضی کے شعبے کے کئی منفرد قوانین بھی پڑھنے کو ملیں گے جس سے ان کی ریاضی کے حوالے سے معلومات میں اضافہ ہوگا۔
ایشل عامر کے مطابق ان کی کتاب میں موجود اہم معلومات کی بنا پر بین الاقوامی ادارے ایمیزون نے ان کی کتاب کی فروخت شروع کی جو تیزی سے فروخت کے ریکارڈ قائم کررہی ہے۔ اس حوالے سے پاک جاپان بزنس کونسل کے صدر رانا عابد حسین نے ایشل عامر کو اتنی کم عمر ی میں شاندار کتاب کی تصنیف پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایشل عامر جیسے بچے پاکستانی قوم کا مستقبل اور قابل فخر اثاثہ ہیں اور وہ ایسے بچوں کی سرپرستی جاری رکھیں گے ۔رانا عابد حسین نے ایشل عامر کے لیے پاک جاپان بزنس کونسل کی جانب سے خصوصی نقد انعام دینے کا بھی اعلان کیا ۔