وزیر اعظم عمران خان کے معاون خصوصی برائے قومی سلامتی معید یوسف کا کہنا ہے کہ میرے خلاف افواہیں پھیلائی جا رہی ہیں، پاکستان کے علاوہ کسی ملک کی شہریت نہیں، شہریت سے متعلق غلط فہمی نہ پھیلائی جائے۔
معید یوسف نے اپنے اثاثوں اور شہریت سےمتعلق وضاحت دیتے ہوئے کہا کہ میرے خلاف افواہیں پھیلائی جا رہی ہیں، پاکستان کے علاوہ کسی ملک کی شہریت نہیں، میں حکومت پاکستان کو اپنی شہریت سے متعلق پہلے ہی حلف نامہ جمع کرواچکا ہوں۔
معاون خصوصی معید یوسف نے کہا کہ میں اپنی موجودہ ذمہ داری سنبھالنے کے بعد امریکا نہیں گیا اور نہ ہی مجھے امریکا سے کوئی آمدنی آرہی ہے، میری شہریت سے متعلق غلط فہمی نہ پھیلائی جائے۔
انہوں نے کہا کہ میری بیرون ملک میں کوئی اربوں یا لاکھوں کی جائیداد نہیں، میرے یا میرے اہلخانہ کے پاس پاکستان کے علاوہ کسی ملک میں کوئی جائیداد نہیں۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز وزیراعظم کے15 معاونین خصوصی اور 5 مشیران کے اثاثوں اور دو ہری شہر یت کی تفصیلات سامنے آئیں۔ کابینہ ڈویژن کے ذرائع کے مطابق وزیر اعظم کے 7 معاونین خصوصی دوہری شہریت کے حامل ہیں۔
واضح رہے کہ معید یوسف کو 24 دسمبر 2019 کو معاون خصوصی برائے قومی سلامتی مقرر کیا گیا تھا۔