• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

برطانوی ہائی کمیشن کے قونصلر پاکستان کی خوبصورت وادیوں کے اسیر

برطانوی ہائی کمیشن کے قونصلر پیٹر ایبٹ پاکستان کی خوبصورت وادیوں کے اسیر ہوگئے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنی تعیناتی کی دو سالہ مدت کے اختتام پر پاکستان کو ایک حیرت انگیز ملک کہا اور جذباتی پیغام شیئر کیا۔

انہوں نے لکھا کہ پاکستان میں گزارے گئے دو برسوں کی انتہائی اہم اور خوشگوار یادیں اپنے ساتھ لے کر جارہا ہوں، لیکن یہاں پیش آئے غیر معمولی اور اہم واقعات آپ سب کے ساتھ بھی شیئر کروں گا۔‘

انہوں نے 10 پیغامات پر مشتمل اپنے سلسلہ وار  ٹوئٹس میں پاکستان کے شہروں، لوگوں، ثقافت اور ان تمام چیزوں کو شامل کیا جو پاکستان کو دوسرے ممالک سے مختلف بناتے ہیں۔

قونصلر نے کراچی سے معذرت کرتے ہوئے لاہور کو اپنا پسندیدہ شہر قرار دیا اور لکھا کہ جنوبی ایشیاء کے دیگر شہروں کی تاریخ اپنی جگہ لیکن پاکستان کے شہروں کا جواب نہیں۔

پیٹر ایبٹ نے چترال اور ہندوکش میں گزارے ایام کو یاد کرتے ہوئے لکھا کہ مجھے اندازہ نہیں تھا کہ پاکستان کے یہ علاقے اتنے دلکش ہوں گے، سبزہ، سرسبز  وادیاں، برف پوش پہاڑ غرض یہ یہاں کے دیہی علاقے بھی اپنی مثال آپ ہیں۔

پیٹر ایبٹ نے اپنے تیسرے ٹوئٹ میں پاکستانی پھلوں کی تعریف کی اور لکھا کہ یہاں کہ آم، انگور، اسٹرابیری، آڑو، خوبانی، چیری بہترین ہیں۔

انہوں نے پاکستان سُپر لیگ (پی ایس ایل) کے پشاور بمقابلہ اسلام آباد کے دوران لطف اندوز ہوتے ہوئے تصویریں شیئر کیں اور لکھا کہ یہاں کے لوگوں کا کرکٹ کیلئے جوش و خروش قابلِ دید ہے۔

انہوں نے پاکستان میں تعیناتی کے دوران برطانوی شہزادہ ولیم اور ان کی اہلیہ کیٹ مڈلٹن کے دورہ پاکستان کو بھی یاد کیا اور لکھا کہ یہ پاکستان میں اس طرح کے تاریخی لمحے کا حصہ بننا میرے لیے اعزاز کی بات ہے۔

پیٹر ایبٹ نے اپنے ٹوئٹس میں پاکستان کی تاریخی جگہوں کا بھی تذکرہ کیا اور کہا کہ یہ پاکستان کا ایک حیرت انگیز حصہ ہے۔

قونصلر نے ساتویں نمبر پر مارگلہ پہاڑیوں کی خوبصورتی اور دلکش مناظر کی تعریف کی۔ انہوں نے لکھا کہ شدید گرمی، موسم خزاں میں مارگلہ ہلز نے ہماری پیاری یادوں میں اضافہ کیا، یہاں ہم نے پکنک اور سوئمنگ ٹرپ انجوائے کیا۔

آخر میں انہوں نے پاکستانیوں کی دوستانہ فطرت اور مہمان نوازی جیسی خصوصیات کو سراہتے ہوئے لکھا کہ آپ دنیا میں کہیں بھی چلے جائیں آپ کو ایسے لوگ نہیں ملیں گے۔

انہوں نے پاکستانیوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے لکھا کہ اپنے دلوں میں ہمیں جگہ دینے کیلئے آپ سب کا بے حد مشکور ہوں۔ آپ سب کی کمی محسوس کی جائے گی۔

پیٹر ایبٹ نے پاکستان کے ٹرک آرٹ کو بھی دنیا بھر میں متعارف کرواتے ہوئے لکھا کہ ا ٹرک آرٹ روشن، خوبصورت اور منفرد پاکستانی فن پارہ ہے جس نے ہمارے سفر کو خوشگوار بنایا۔

تازہ ترین