سپریم کورٹ میں عالمی وبا کورونا وائرس ازخود نوٹس کیس کی سماعت ہوئی ۔
سپریم کورٹ میں کورونا ازخود نوٹس کیس کی سماعت کے دوران وفاقی حکومت نے کورونا پر پیشرفت رپورٹ سپریم کورٹ میں جمع کرا دی۔
وفاقی حکومت کی جانب سے سپریم کورٹ میں جمع کرائی گئی رپورٹ کے مطابق وزارت صحت نے کورونا کے دوران فرنٹ لائن ہیلتھ ورکرز کو ایک اضافی تنخواہ کا اعلان کیا تھا اور اضافی تنخواہ کے معاملے پر صوبوں سے مشاورت کا کوئی مثبت نتیجہ نہیں نکلا۔
وفاقی حکومت کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ صوبے عدالتی احکامات کی روشنی میں اپنی رپورٹس سپریم کورٹ میں جمع کرائیں گے۔
وفاقی حکومت کی رپورٹ کے مطابق جان بچانے والی ادویات کی قیمتوں میں اضافے اور ذخیرہ اندوزی سے متعلق صوبوں کو خطوط لکھ دیے ہیں اور صوبے ادویات کی قیمتوں میں اضافے اور ذخیرہ اندوزی پر انفرادی رپورٹس سپریم کورٹ میں جمع کرائیں گے۔