• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ایوان کے ارکان دُہری شہریت پر تاحیات نااہل ہو چکے، شیری رحمٰن

پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کی رہنما سینیٹر شیری رحمٰن نے کہا ہے کہ اچھی بات ہے مشیروں اور معاونین خصوصی کے اثاثے اور شہریت جاری کی گئی۔

سینیٹ اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے شیری رحمٰن کا کہنا تھا کہ چار معاونین خصوصی کی غیر ملکی شہریت ہے،  جبکہ ایوان کے ارکان دُہری شہریت پر ساری عمر کے لیے نااہل ہو چکے ہیں۔

رہنما پیپلز پارٹی کا کہنا تھا کہ میں کسی کی رہائش کی نہیں بلکہ غیر ملکی شہریت کی بات کر رہی ہوں، یہاں معاونینِ خصوصی اور مشیروں کی فوج بیٹھی ہے۔

ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ ان مشیروں اور معاونین خصوصی کے پاس تو دو دو ممالک کی شہریت ہے۔ مشیر اور معاونین حساس اجلاسوں میں بیٹھے ہوتے ہیں۔

ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ یہ مشیر اور معاونین روزویلٹ، پی ٹی ڈی سی کی نجکاری کر رہے ہیں۔

انھوں نے کہا کہ کابینہ اور فیصلہ سازی میں جو بیٹھے اور اختیارات رکھے اُسے صرف پاکستان کا شہری ہونا چاہیے۔

انھوں نے کہا کہ غیرملکی شہریت حاصل کرنے والے ممالک کے جھنڈے کو سلام کرنا پڑتا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ یہ افراد پیراشوٹ کی طرح آئے اور چلے جائیں گے، جب اس حکومت کے کھاتے کھلیں گے تو یہ فصلی بٹیرے جا چکے ہوں گے۔

شیری رحمٰن نے کہا کہ حساس وزارتوں میں آپ انھیں نہیں بیٹھا سکتے، میں جب وزیر بنی تو میں نے برطانیہ کی رہائش ختم کی۔

تازہ ترین