پیپلز پارٹی کے رہنما سینیٹر رضا ربانی نے کہا ہے کہ معاون خصوصی کا ذکر آئین پاکستان میں نہیں ہے، معاون خصوصی کا دفتر ایک رول کے ذریعے قائم ہے۔
سینیٹ اجلاس کے دوران سینیٹر رضا ربانی نے ایوان میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ معاون خصوصی کو کابینہ اجلاس میں خصوصی مدعو کیا جاتا ہے، معاون خصوصی کو اپنا ایجنڈا پورا کرکے اجلاس سے چلے جانا چاہئے۔
انھوں نے کہا کہ پاسداری کا حلف نہ اٹھانے والا کابینہ اجلاس میں بیٹھتا ہے، معاون خصوصی سیکورٹی کے حساس معاملات پر باتیں سنتا ہے۔
سینیٹر رضا ربانی نے مزید کہا کہ جو امریکا، برطانیہ کےشہری ہیں، انہیں شہریت لیتے ہوئے حلف لینا ہوتا ہے، شہریت کا حلف لینے والا اپنی وفاداری برطانیہ کو دے رہا ہوتا ہے، امریکا کا حلف اور خطرناک ہے۔ امریکا کا شہری بننے والا پاکستان سے تعلق ختم کرتا ہے۔ امریکا کا شہری بننے والا کہتا ہے امریکا کے لیے ہتھیار اٹھاؤں گا۔
یہ بھی پڑھیے: عمران خان نے دہری شہریت والوں کو غدار کہا تھا، نفیسہ شاہ
انھوں نے کہا کہ جو پاکستان میں ووٹ نہیں دے سکتا، ممبر اسمبلی و سینیٹ نہیں بن سکتا۔ ایسے شخص کو آپ کابینہ میں بٹھا کر فیصلے کرارہے ہیں۔ لگتا ہے حکومت نے پاکستان کی خود مختاری کو عالمی مالیاتی سامراج کے حوالے کر دیا ہے۔