• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

حیدر آباد میں زیادہ لوڈ شیڈنگ پر NEPRA کی عوامی سماعت

حیدر آباد میں زیادہ لوڈ شیڈنگ پر NEPRA کی عوامی سماعت


اسلام آباد میں نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) کے دفتر میں حیدر آباد الیکٹرک سپلائی کمپنی کے علاقوں میں زیادہ لوڈ شیڈنگ کی شکایات پر ویڈیو لنک کے ذریعے عوامی سماعت ہوئی۔

چیئرمین نیپرا توصیف فاروقی کی زیرِ صدارت سماعت ہوئی جس میں وائس چیئرمین سیف اللّٰہ چٹھہ بھی موجود تھے۔

حیدر آباد کو بجلی فراہم کرنے والے ادارے حیسکو کے سی ای او عبدالحق میمن نے نیپرا حکام کو بتایا کہ لوڈ شیڈنگ نقصانات کے تناسب سے کرتے ہیں، حیدر آباد میں غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ پر قابو پایا ہے۔

چیئر مین نیپرا توصیف فاروقی نے کہا کہ حیسکو میں زیادہ لوڈ شیڈنگ سے متعلق ہمیں تو سندھ کے وزیرِ توانائی کا خط آیا ہے۔

سی ای او حیسکو عبدالحق میمن نے انہیں بتایا کہ حیدر آباد میں اوسط لوڈ شیڈنگ 5 سے پونے 6 گھنٹے تک ہے، جبکہ نقصان والے فیڈرز پر زیادہ سے زیادہ 12 گھنٹے تک لوڈ شیڈنگ ہوئی۔

انہوں نے کہا کہ حیدر آباد میں بارش میں مسائل ہوئے اور ہمارے ٹرانسفارمرز خراب ہوئے، اسپتالوں کے فیڈرز پر لوڈ شیڈنگ نہیں کرتے، شہر میں لوڈ شیڈنگ پچھلے سال کے مقابلے میں کم ہے۔

سندھ کے وزیرِ توانائی امتیاز شیخ بھی ویڈیو لنک کے ذریعے سماعت میں شریک ہوئے جنہوں نے کہا کہ حیسکو اور سیپکو میں 18، 18 گھنٹے لوڈ شیڈنگ ہو رہی ہے، نیپرا نے معاملے کا نوٹس لیا بہت مشکور ہیں۔

انہوں نے کہا کہ کے الیکٹرک کی طرح حیسکو اور سیپکو میں بھی نیپرا اپنی ٹیمیں بھیجے، مسئلے کو سیاسی رنگ نہیں دینا چاہتا مگر لوڈ شیڈنگ بہت سنجیدہ مسئلہ ہے۔

یہ بھی پڑھیئے:۔

حیدرآباد میں طویل بجلی کی بندش پر تنظیموں اور تاجر وں کا ردِعمل

وزیرِ توانائی سندھ نے مزید کہا کہ نیپرا رپورٹ میں ہے کہ حیسکو اور سیپکو نے 2 سے 3 سو میگاواٹ بجلی لینے کی بجائے سسٹم کو واپس کی، اگر کہیں غیر قانونی کنکشن ہے تو کاٹیں۔

حیسکو حکام نے کہا کہ بجلی چوری کے خلاف پہلے تو ایف آئی آر کٹتی نہیں، اگر کٹ جائے تو کوئی کارروائی نہیں ہوتی۔

نیپرا ہیڈآفس میں ویڈیو لنک کے ذریعے سماعت میں حیدرآباد کے بجلی صارفین حیسکو کے خلاف پھٹ پڑے۔

اکثر صارفین نے شکایت کی کہ حیسکو کے عملے کا رویہ اچھا نہیں، حیسکو والے پہلے تو فون سنتے نہیں، اگر سنیں تو ان کا رویہ درست نہیں ہوتا۔

تازہ ترین