لاہور( نمائندہ جنگ)امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ سیاست سے بالاتر ہوکر 5اگست یوم مذمت کے طور پر منایا جائے۔ مودی سرکار نے 5اگست کو غیر آئینی اقدام اٹھایا۔ گزشتہ سال 5اگست کو مقبوضہ کشمیر کی حیثیت تبدیل کردی گئی۔ میری تجویز ہے کہ 5اگست کو یوم مذمت کے طور پر منایا جائے۔ بھارت کی آزاد کشمیر، گلگت بلتستان پر نظریں ہیں۔ ہمیں زبانی کلامی باتیں کرنے کی بجائے آگے بڑھنا پڑے گا۔ مقبوضہ کشمیر کی ساری قیادت جیلوں میں ہے۔ ایک سال میں 18ہزار نوجوان جیلوں میں بند کردیئے گئے ہیں ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ایوان بالا میں خطاب کرتے ہوئے کیا۔حکومت اور مسلم لیگ ن کے راجا ظفر الحق نے سینیٹر سراج الحق کی اس تجویز کو سراہا اور حمایت کی۔