مسلم لیگ ن کی ترجمان مریم اورنگزیب کا کہنا ہے کہ عدالتی فیصلے کے باوجود نیب اور چیئرمین کا رہنا ہٹ دھرمی، لاقانونیت ہے۔
اپنے ایک بیان میں مریم اورنگزیب نے کہا کہ شہبازشریف جھوٹے بے بنیاد مقدمات کے باوجود قانون کا سامنا کررہےہیں، روپےکی کرپشن ملی نہ الزام لگ سکا، پھر بھی نیب نیازی گٹھ جوڑ کا سامنا کررہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اربوں روپے قوم کے بچانے والے نیب کی چیرہ دستیوں کا شکار ہیں، جبکہ چور حکومت میں دندنا رہے ہیں۔
مریم اورنگزیب نے کہا کہ کھربوں کے شفاف منصوبے لگا نیوالے نیب نیازی انتقام کا نشانہ ہیں اور بی آرٹی پر نیب کی آنکھیں بند ہیں۔
رہنما ن لیگ نے کہا کہ شہباز شریف کیس کا سامنا کرنے، قوت مدافعت کم ہونےکے باجود عدالت جاتے ہیں، عمران صاحب فارن فنڈنگ میں پیش نہیں ہوتے۔
انہوں نے کہا کہ شہباز شریف سیاسی انتقام کے باوجود قانون کے سامنے پیش ہوسکتے ہیں، مگرعمران صاحب 23 خفیہ بینک اکاؤنٹس میں پیش نہیں ہوسکتے؟۔
مریم اورنگزیب نے کہا کہ عمران صاحب سارے ملک کی چینی چوری کرکے انکوائری کمیشن میں پیش نہیں ہوسکتے، وہ مالم جبہ اور ہیلی کاپٹر کیس میں پیش نہیں ہوسکتے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کے عوام سب جانتے اور دیکھ ر ہے ہیں۔