• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مری سمیت دیگر سیاحتی مقامات کو جلد کھولنا چاہتے ہیں، بزدار

وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کا کہنا ہے کہ مری سمیت دیگر سیاحتی مقامات کو جلد کھولنا چاہتے ہیں ، ریسٹورنٹس اور ہوٹلز کو کھولنے کے لئے ایس او پیز کو حتمی شکل دی جا رہی ہے۔

دورۂ مری کے موقع پر وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا کہ مری کی ترقی کے لئے نئے منصوبوں کا اعلان جلد کیا جائے گا، یہاں کے رہائشیوں کے لئے پانی کی فراہمی بہتر بنائیں گے۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ سیاحتی مقامات اوپن ہونے سے ٹورازم کو فروغ ملے گا، سیاحتی مقامات اور ریسٹورنٹس ایس او پیز کے تحت کھولنے کی سفارشات این سی او سی اجلاس میں رکھیں گے،این سی او سی کی منظوری کے بعد ایس او پیز کے مطابق انہیں کھولا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ مری میں نیا تھانہ اور نئی سب ڈویژن بنانے کی اصولی منظوری دے دی ہے،مری میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر اور ایس پی تعینات ہوں گے۔

عثمان بزدار نے بتایا کہ مری میں 22 کروڑ روپے سے نئی واٹر اسکیم بنے گی، نئی اسکیم سے روزانہ 6 لاکھ گیلن پانی مری کے رہائشیوں کو ملے گا،جبکہ مری مظفر آباد روڈ 2 کروڑ 42 لاکھ روپے سے مکمل کریں گے۔

وزیراعلیٰ نے کہاکہ مری میں ساڑھے 3 لاکھ پھلدار درخت لگائے جائیں گے، یہاں تعمیرات سے متعلقہ بائی لاز کا جلد نفاذ کیا جائے گا، اس کے علاوہ مری میں کوہسار یونیورسٹی بھی بنائیں گے۔

تازہ ترین