• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

آن لائن شاپنگ ویب سائٹ کیسے تخلیق کی جائے

اگر آپ تعلیم مکمل کرچکے ہیں یا دورانِ تعلیم خود انحصاری کی حکمت عملی پر عمل پیرا ہو کر ذاتی کاروبار کرکے آمدنی حاصل کرنے کا ارادہ رکھتے ہوںتو آپ کے لیے آن لائن شاپنگ ویب سائٹ تخلیق کرنا ایک اچھا آئیڈیا ہوسکتا ہے۔ ممکن ہے کہ آپ نے پہلے ہی ایسا کا م کرنے کی ٹھان رکھی ہو، لیکن اس بارے میں معلومات نہ ہوں تو اس مضمون کا مطالعہ آپ کے کام آسکتاہے۔

کسی بھی کاروبار کو شروع کرنے یا شروع کئے جانے کے بعد اسے کامیاب بنانے میں بہت سے عوامل کار فرما ہوتے ہیں، آن لائن بزنس بھی اس سے الگ نہیں۔ آپ کو صارفین کی سہولت کے لیے ان تمام چیزوں کی فراہمی یقینی بنانا ہوتی ہے، جو وہ چاہتاہے۔ اس ضمن میں مسابقت کو مدنظر رکھتے ہوئے آپ کو اپنی چیزوں کی قیمت بھی معقول رکھنی ہوتی ہے۔ ا س حوالے سے ماہرین کے کچھ مشوروں پر ایک نظر ڈالتے ہیں۔

لوگوں کو جو چاہیے، وہ پیش کریں

شاید یہ سب سے آسان مرحلہ ہے۔ لوگوں کی بہت سی ضروریات ہوتی ہیں، جن کا پتا لگاکر اپنی مصنوعات یا سروس پیش کرنا مشکل نہیں ہوتا۔ اس بارے میں زیادہ نہ سوچیں کہ جو مصنوعات یا سروس آپ مہیا کرنے جارہے ہیں وہ پہلے سے ہی مارکیٹ میں دستیاب ہے۔ آپ اس سے بہترمصنوعات یا سروس مناسب قیمت پر فراہم کرنے کی کوشش کریں۔ اس سلسلے میں آپ زمین پر قدم رکھنے سے پہلے مارکیٹ انٹیلی جنس سوفٹ ویئر (Market intelligence software)سے استفادہ کرسکتے ہیں۔ 

مصنوعات فروخت کے لیے پیش کرنے کےساتھ آپ کو لاجسٹک کا انتظام بھی کرنا ہوتا ہے۔ اس حوالے سے لائحہ عمل ترتیب دینا ہوگا تاکہ انوینٹری اور صارفین تک مصنوعات کی ڈیلیوری یقینی بنائی جاسکے۔ اگر آپ کوئی چیز خود تیار کرکے فروخت کرتے ہیں تویہ بھی یقینی بنا نا ہوگاکہ آپ کے پاس مناسب مقدار میں خام مال موجود ہو تا کہ آ پ صارفین کی طلب پوری کرسکیں۔

صارفین کیلئے اچھا تجربہ

آپ کی ویب سائٹ یوزر فرینڈلی ہو یعنی کہ بآسانی استعمال کی جاسکے۔ اگرآپ کی ویب سائٹ صحیح ریسپانس نہیں دے رہی تو اس سے آپ کے صارفین کو مشکلات ہوں گی اور آپ کو کوئی فائدہ حاصل نہیں ہوگا۔ اگر آپ اپنی ذاتی ویب سائٹ یا آن لائن اسٹور تشکیل دے رہے ہیں تو آپ کو یوزر ریسرچ سوفٹ ویئر(User research software)لازمی استعمال کرنا چاہئے تاکہ آپ صارفین کے رحجانات کے بارےمیں جان سکیں۔ اگر آپ پہلے سے موجود مارکیٹ کیلئے آن لائن اسٹورقائم کررہے ہیں یا کوئی نیا کاروبار متعارف کروارہے ہیں تو سب سے پہلے آپ کو خود اسےٹیسٹ(Front-end exprerience)کرکے دیکھنا ہوگا کہ آیا صارفین اس سے لطف اندوز ہوں گے یا نہیں۔ 

جب اس ٹیسٹ میں کامیابی حاصل ہو جائے تو آپ کو Back-endچیک کرنا ہوگاکہ ویب سائٹ ٹھیک طریقے سے کا م کررہی ہے یا نہیں۔ جب تک آپ کی ویب سائٹ ریسپانس نہیں کرے گی آپ اپنے صارفین کو سمجھ نہیں پائیں گے۔ ایک بات یاد رکھیں، صارفین کو اچھی سروس یا د ہو یا نہ ہو لیکن وہ بُرے تجربات کبھی نہیں بھولتے اور دوسروں کو بھی بتاتے ہیں۔ لہٰذا اعلیٰ معیار کی مصنوعات اور سروسز کے ساتھ آ پ کو عمدہ کسٹمر سروس کو بھی یقینی بنانا ہوگا۔

سرچ انجن کا فائدہ اٹھائیں

آجکل ہر کوئی گوگل کرتاہے، اگرآپ چاہتے ہیں کہ آپ کی ویب سائٹ نمایاں ہو کر جلد از جلد سامنے آجائے تو آپ کو SEOسوفٹ ویئر کی ضرورت ہو گی یا کم سے کم ایس ای او (Search Engine Optimization)کی بنیادی باتیں سیکھنی ہوں گی۔ 

اگر آپ کی ویب سائٹ Optimizedہوگئی تو آپ کی ہر چیزکوکِی ورڈز کے ذریعے گوگل اور دوسرے سرچ انجن اسکین کرکے سرفہرست رینکنگ میں لے آئیں گے۔ لہٰذا آ پ کو ایسا کونٹینٹ استعمال کرنا ہے جو گوگل کے پڑھنے میں آسان اور قابل استعمال ہو۔ آپ کے کونٹینٹ کی جتنازیادہ سرچ انجن تک رسائی ہوگی اتناہی آپ کی ویب سائٹ کی رینکنگ بڑھتی جائے گی اور زیاد ہ سے زیادہ لوگ آپ کی ویب سائٹ کو وزٹ کرتے چلے جائیںگے۔

سوشل میڈیا کا دانشمندانہ استعمال

آج کےدور میں سوشل میڈیا کی اہمیت کو نظر انداز نہیں کیا جاسکتا۔ آپ آن لائن اسٹور کھولنا چاہ رہے ہیں تو سوشل میڈیا پر موجودگی آپ کو نئے صارفین تک رسائی دلاسکتی ہے۔ آ پ کے کام کو سوشل میڈیا مینجمنٹ سوفٹ ویئر (Social media management software) آسان بنا سکتاہے اور آپ ایک ہی جگہ پر بہت سارے پلیٹ فارمز کو ہینڈ ل کرسکتے ہیں۔ مزید یہ کہ آپ اپنی پوسٹ کی کامیابی کو ٹریک کرنے کے ساتھ ساتھ اپنے صارفین سے بات چیت بھی کرسکتے ہیں۔

صارفین کے ڈیٹا کا تحفظ

تمام ای کامرس پلیٹ فارمز یا ادائیگیوں کے طریقے محفوظ نہیں ہوتے۔ اگر آپ صارفین کے ڈیلیوری ایڈریسز، کریڈٹ کارڈ نمبرز اور دیگر ذاتی معلومات حاصل کررہے ہیں تو آپ کو ان کا تمام ڈیٹا لازمی محفوظ بنانا ہوگا۔ اس ضمن میں فراڈ پروٹیکشن سوفٹ ویئر (Fraud Protection Software)صارفین اور آپ کی معلومات کو محفوظ رکھنے میں مدد کرے گا۔ آپ اس سلسلے میں ڈیٹا سیکیورٹی سوفٹ ویئر(Data security software)بھی استعمال کرسکتے ہیں۔

فیڈ بیک دینے میں آسانی

جب تک آپ کے سامنے صارفین کا فیڈ بیک، روّیہ، رائے یا شکایت سامنے نہیں آئیں گی، آپ خود کو بہتر سے بہتر نہیں کرسکتے ۔ مصنوعات کی فراہمی یا واپسی کے سلسلے میں آپ کو ہر قسم کی پریشانی اور مسائل کو حل کرنا ہوگا۔ اس کیلئے آپ لائیو چیٹ سوفٹ ویئر (Live chat software)استعمال کرتے ہوئے کسٹمرز سے براہ راست بات چیت کرسکتےہیں۔ اگر آپ لائیو چیٹ استعمال نہ کرسکیں تو بذریعہ ای میل یا سوشل میڈیا اپنے کسٹمرز سے رابطے میں رہ سکتے ہیں۔

تازہ ترین