• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

آسٹریلوی جنگلات آتشزدگی،3ارب سے زائد جانور ہلاک یا دربدر ہوئے


سائنس دانوں نے انکشاف کیا ہے کہ آسٹریلیا کے جنگلات میں لگنے والی غیر معمولی آگ کے نتیجے میں تین ارب سے زائد جانور ہلاک یا دربدر ہوئے۔

رپورٹ کے مطابق آسٹریلیا کی مختلف یونیورسٹی کے ماہرین کی ٹیم نے جنگلات میں ہونے والی آتشزدگی کے حوالے سے تحقیق کی اور ڈیٹا جمع کیا تاکہ نقصان کا تخمینہ لگایا جاسکے۔

تحقیقی رپورٹ میں ماہرین نے اس آگ کو غیر معمولی قرار دیتے ہوئے لکھا کہ ’آتشزدگی کی وجہ سے تین ارب سے زائد جانور ہلاک یا دربدر ہوئے، زندہ بچ جانے والے جانوروں نے متاثرہ علاقے سے کسی دوسرے علاقے میں ہجرت کرلی۔

ماہرین نے اتنی بڑی تعداد میں ہونے والی ہلاکت یا دربدری کو جدید تاریخ میں جنگلی حیات کی بدترین تباہی میں سے ایک قرار دیا۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ آتشزدگی کے نتیجے میں 14 کروڑ 30 لاکھ ممالیہ، 2 ارب 46 کروڑ رینگنے والے جانور، 18 کروڑ پرندے اور 5 کروڑ دس لاکھ مینڈک متاثر ہوئے۔

واضح رہے کہ 2019 کے آخر اور 2020 کے آغاز میں آسٹریلیا بھر کے جنگلات اور خشک سالی سے متاثرہ زمین کے ایک لاکھ 15 ہزار اسکوائر کلومیٹرز سے زائد حصے پر آگ لگی تھی جس کے نتیجے میں 30 افراد ہلاک اور ہزاروں گھر تباہ ہوئے تھے۔

اس سے قبل ماہرین کی ایک اور ٹیم جنگلات میں لگنے والی آگ کے حوالے سے تحقیق کرچکی ہے جس کی رپورٹ میں بتایا گیا تھا کہ نیو ساؤتھ ویلز اور ویکٹوریا کی مشرقی ریاستوں سب سے زیادہ متاثر ہوئیں اور ایک ارب سے زائد جانور ہلاک ہوئے۔

تازہ ترین