کراچی کے علاقے اورنگی ٹاؤن میں واقع بنارس چوک کے قریب بچہ گٹر میں گر گیا، لوگوں نے اپنی مدد آپ کے تحت بچے کو نکال کر بچا لیا۔
بنارس چوک پر کیفے الوطن کے سامنے گزشتہ روز علاقے میں گھٹنوں گھٹنوں پانی کھڑا ہونے کی وجہ سے بچے کو گٹر نظر نہیں آیا اور وہ اس میں گر گیا۔
بعض علاقہ مکینوں نے اپنی مدد آپ کے تحت بچے کو نکالنا شروع کیا۔
علاقہ مکینوں نے بچے کو گٹر میں ڈنڈے پکڑانے کی کوشش کی تاکہ وہ اسے پکڑ کر باہر آسکے لیکن گٹر میں پانی اتنی تیزی سے گر رہا تھا کہ نہ تو بچے کو مدد کرنے والے لوگ نظر آ رہے تھے اور نہ ہی لوگوں کو بچہ نظر آ رہا تھا۔
یہ بھی پڑھیئے: مغلپورہ، بچہ کھلے گٹر میں گر کر ہلاک
کچھ لوگوں نے گٹر میں ہاتھ ڈال کر بچے کو نکالنے کی کوشش کی تو بچہ خوش قسمتی سے ان کا ہاتھ پکڑ کر باہر آ گیا۔
مذکورہ بچہ گٹر سے نکلنے کے بعد نیم بے ہوشی کی حالت میں تھا جسے علاقہ مکینوں نے نکالنے کے بعد اسپتال منتقل کیا جہاں طبی امداد ملنے کے بعد بچہ ٹھیک ہو گیا۔