• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

نواز شریف کو عمران خان کی حکومت پر کوئی اعتراض نہیں، شیخ رشید


وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید نے حکومت اور اپوزیشن کی سب سے بڑی جماعت مسلم لیگ (ن) کی قیادت کے حوالے سے انکشاف کیا ہے۔

جیو نیوز کے پروگرام ’نیا پاکستان‘ میں میزبان شہزاد اقبال سے گفتگو میں انہوں نے انکشاف کیا کہ نواز شریف ضمانت دے کر گئے ہیں کہ انہیں عمران خان کی حکومت پر کوئی اعتراض نہیں۔

انہوں نے کہا کہ اگر میری بات درست نہیں تو مریم نواز خاموش کیوں ہیں؟ میں پہلے بھی کہہ چکا ہوں شہباز شریف ہماری پارٹی کے ہیں، وہ خواہ مخواہ پنگا لینے کے عادی نہیں ہیں۔

شیخ رشید نے مزید کہا کہ سیاسی جوڈو کراٹے ہوتے رہیں گے لیکن وزیراعظم عمران خان کہیں نہیں جارہے ہیں۔

اسی پروگرام میں اظہار خیال کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ میرا کورونا کا معاملہ سنجیدہ نوعیت کا تھا، میں موت کو ہاتھ لگا کر آیا ہوں، ابھی بھی کمزوری ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ یہ بیماری کے بعد میرا پہلا انٹرویو ہے، آپ کو اس لیے انکار نہیں کرسکا کیونکہ میں دو مرتبہ وزیراعظم کے پاس چل کر گیا ہوں اور انہیں کہا کہ میر شکیل الرحمٰن کو رہا کردیں۔

شیخ رشید نے یہ بھی کہا کہ عید سے پہلے اس رات میں بھی پرائم منسٹر سے کہنا چاہتا ہوں کہ وہ میر شکیل الرحمٰن کو رہا کردیں، اگر نیب حکام سن رہے ہیں تو ان سے بھی کہوں گا کہ مہربانی کریں۔

ان کا کہنا تھا کہ جب میں نے دو مرتبہ عمران خان سے میر شکیل الرحمٰن سے متعلق گفتگو کی تو انہوں نے تو یہ کہا کہ معاملہ نیب کے ہاتھ میں ہے۔

تازہ ترین