ملتان (سٹاف رپورٹر) وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ وزیر اعلی نے رولز آف بزنس میں ترمیم کردی ہے ۔ جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ ملتان میں بھی بنے گا ۔ جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ خطہ کے لوگوں کیلئے بہت بڑی پیش رفت ہے ۔ وزیراعظم عمران خان کل 5 اگست کو آزاد کشمیر کی اسمبلی سے خطاب کریں گے ۔ بھارت بابری مسجد کی جگہ مندر تعمیر کررہا ہے ۔ 5اگست کو بطور یوم استحصال منائیں گے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ملتان میں عید الاضحیٰ کی نماز ادا کرنے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ کورونا کے بعد ملکی معیشت بہتری کی جانب گامزن ہے ۔ کورونا سے پاکستان میں بتدریج حالات بہتر ہورہے ہیں ۔ ہسپتالوں میں مریض بہت کم رہ گئے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ انشاء اللہ بہت جلد کشمیر آزاد ہوگا ۔ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ سرینگر ہی ہماری منزل ہے ۔ انھوں نے نماز عید کے بعد دعا بھی کروائی ہے ۔