لاہور(آئی این پی)وزیر اطلاعات فیاض الحسن چوہان نے کہا ہے کہ کورونا سے نمٹنے کیلئے اقدامات کو سپریم کورٹ نے سراہا، بزدار حکومت کے اعلانات سے زیادہ اقدامات بولتے ہیں، مہلک وائرس کے خلاف نمایاں کامیابیاں مل رہی ہیں۔وزیر اطلاعات فیاض الحسن چوہان نے اپنے بیان میں کہا کہ کورونا وائرس کے حوالے سے از خود نوٹس کی سماعت کے دوران معزز جج صاحبان نے بزدار حکومت کے انتظامات کو موثر قرار دیا، معزز بنچ نے کہا کہ بزدار حکومت کے کورونا مخالف اقدامات مثبت اور درست سمت میں ہیں۔فیاض الحسن چوہان کا کہنا تھا وزیر اعلی عثمان بزدار کی قیادت میں صوبائی حکومت کورونا وبا سے نمٹنے کے لئے ہر ممکن اقدام کر رہی ہے، مریضوں میں نمایاں کمی کی باعث سروسز اسپتال، جناح اسپتال، پی آئی سی سمیت بڑے اسپتالوں میں کورونا وارڈز بند کردیئے گئے ہیں، ان حوصلہ افزا ریمارکس کی روشنی میں پنجاب حکومت کورونا پھیلائو کے خلاف مزید اقدامات جاری رکھے گی۔